وزیرستان میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے قتل ہو نے والی بنوں کی 4خواتین کی قتل کےخلاف میرانشاہ میں جماعت اسلامی کااحتجاجی مظاہرہ

میرعلی ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈٰسک ) شمالی وزیرستان میرعلی میں شدت پسندوں کی فائرنگ سے قتل ہو نے والی بنوں کی چار خواتین کی قتل کے خلاف میرانشاہ میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ ہوا جس میں جماعت اسلامی کے کارکنوں کے علاوہ عوام کی بھی ایک کثر تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر چار معصوم خواتین کے قاتلوں کو بے نقاب کرنے اور انہیں شہدا پیکج دینے کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے جلوس کی شکل میں پاکستان مارکیٹ میرانشاہ سے مارچ کیا اور پریس کلب کے سامنے جلسے کی شکل میں جمع ہو ئے۔ مظاہرین کی قیادت جماعت اسلامی شمالی وزیرستان کے امیر رحمن اللہ، الخدمت فاؤنڈیشن شمالی وزیرستان کے امیر امشاد اللہ اور ملک رضوان اللہ کر رہے تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رحمن اللہ نے کہا کہ ہم نے کئی سال اپنے گھروں سے باہر گذار لئے تاکہ علاقے میں امن امان بحا ل ہو سکے لیکن ہم اب بھی محفوظ نہیں ہیں۔ حکومت کو اس بارے میں سنجید گی سے سوچنا ہوگا۔ انہوں نے مقتول خواتین کے ظالمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان معصوم خواتین کے قاتلوں کو جلد بے نقاب کر کے انصاف کے کٹہرے ہیں لایا جائے۔ ملک امشاد اللہ اور ملک رضوان نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مقتول خواتین کے لواحقین کو شہدا پیکیج دیا جائے کیونکہ چاروں خواتین انتہائی غریب پس منظر سے تھیں اور ان کے یتیم بچوں کا کوئی والی وارث نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں