میرانشاہ ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) سیاسی اتحاد شمالی وزیرستان نے سندھ کے علاقے شکار پور میں شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے دو ڈرائیوروں کوڈاکوؤں کے تشدد کے بعد اغوا کرنے کے خلاف میرانشاہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں سیاسی اتحاد کے علاوہ سماجی کارکنوں اور سول سو سائیٹی کے آراکین نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی اتحاد کے سربراہ لیاقت وزیر نے بتایا کہ پانچ روز قبل شکار پور میں مین روڈ پر ڈاکوؤں نے شمالی وزیرستان کے علاقہ مرسی خیل کے دو ڈرائیوروں کو پہلے لوٹ کر تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد انہیں اغوا کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ۔ لیاقت وزیر نے مزید کہا کہ اس دوران ڈاکوؤں نے گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا اور حیرت انگیز طور پر سندھ پولیس نے ابھی تک کسی قسم کا کوئی اقدام نہیں اٹھایا ہے جس سے وزیرستان کے عوام میں اور مغوی ڈرائیوروں کے خاندانوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔سیاسی اتحاد اور مظاہرین میں شامل دیگر رہنماؤں نے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ ، چئیر مین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور جی اوسی سیون ڈویژن شاکر اللہ خٹک سے مطالبہ کیا ہے کہ مغویان کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے اور گاڑیوں اور مال و املاک کو پنچنے والے نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائے ۔ مظاہرین نے دھمکی دی ہے کہ اگر تین دن کے اندر اندر مغویان کو بازیاب نہیں کروایا گیا تو سینکڑوں کی تعداد میں قبائلی عوام انڈس ہائی وے کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بلاک کرینگے اور تب تک بند رکھینگے جب تک مغویان کو بازیاب نہیں کروایا جاتا ۔
![](https://thekhybertimes.com/wp-content/uploads/2021/05/SIndh--969x630.jpg)