جی او سی شمالی وزیرستان کا پاک افغان بارڈر غلام خان کا دورہ، پولیس ایس ایچ او کو پچاس ہزار نقد انعام

میرانشاہ ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) جی اوسی شمالی وزیرستان میجر جنرل نعیم اختر نے بدھ کو پاک افغان بارڈر زیرو پوائنٹ پر قائم پولیس سٹشین کا اچانک دورہ کیا جس میں ان کے ساتھ ڈی پی او شمالی وزیرستان شفیع اللہ گنڈا پور اور کمانڈنٹ ٹوچی سکاؤٹس اور ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان بھی ہمراہ تھے۔ پاک افغان زیرو پوائنٹ کے پولیس سٹیشن میں تمام نفری کو ڈیوٹی پر موجود پاکر جی او سی نے ایس ایچ او غلام خان کو پچاس ہزار روپے نقد انعام اور توصیفی اسناد سے نوازا۔ اس موقع پر جی اوسی نے پاک افغان بارڈر پر موجود چیک پوسٹوں اور دیگر علاقے کا بھی دورہ کیا اور ساتھ ساتھ بارڈر پر نئی پولیس سٹیشن کے قیام کیلئے مجوزہ مقام کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے پولیس فورس کے جوانوں کے ساتھ باتیں کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں امن و امان کے قیام کیلئے پولیس فورس کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چُھپی نہیں تاہم انہوں نے پولیس کے جوانوں پر زور دیا کہ وہ اس حساس علاقے میں اپنے فرائض کی انجام دہی سے غفلت نہ برتیں۔ انہوں ڈی پی او کی بھی شمالی وزیرستان میں پولیس فورس کو جدید خطوط پر منظم کرنے پر تعریف کی۔جی او سی شمالی وزیرستان میجر جنرل نعیم اختر کا شمالی وزیرستان میں حال ہی میں تبادلہ ہوا ہے اور پاک افغان سرحدی علاقے کا یہ ان کا پہلا دورہ تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں