شمالی وزیرستان میں شہید کئے جانے والے قاری سمیع الدین اور قاری نعمان کی نماز جنازہ آدا کردیا گیا، وزیرستان میں سوگ کا عالم

میرعلی ( دی خیبر ٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) شمالی وزیرستان کے تحصیل میرعلی میں جمیعت العلمائے اسلام میرعلی سب ڈویژن کے آمیر اور سابق اُمیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی کے 111 قاری سمیع الدین اور ان کے ساتھی حافظ نعمان داوڑ جن کو گزشتہ رات میرعلی کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ٹارگٹ کرکے قتل کردئے تھے ، کا نماز جنازہ جمعہ کو عیدک کے مدرسہ نظامیہ میں آدا کیا گیا جس میں نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ ( این ڈی ایم ) کے چیئر مین اور ممبر قومی اسمبلی محسن داوڑ ، جے یو ائی کے رہنماؤوں ، سیاسی و سماجی کارکنوں ، قبائلی عمائدین اور عوا م کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ قاری سمیع الدین اور ان کے ساتھی کی موت کی وجہ سے پورا علاقہ سوگ میں ڈوبا رہا ۔ نمازجنازہ میں شرکت کرنے والے سیاسی و سماجی رہنماؤں نے اپنے اپنے خطاب میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں جاری ٹارگٹ کلنگ کے سلسلے کو روکا جائے اور قاتلوں کو فی لفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جا ئے ۔ دریں اثناء میرانشاہ میں مقیم سیون ڈویژن کے کمانڈر میجر جنرل نعیم اختر نے قاری سمیع الدین کی بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قاتلوں کو بہت جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ قاری سمیع الدین ایک صاف گو عالم دین تھے اور انہوں نے بہت سے مواقع پر اداروں میں موجود خامیوں کی ببانگ دہل نشاندہی کی ۔ میجر جنرل نعیم اختر نے اپنے بیان میں کہا کہ قاری سمیع الدین علاقے میں امن کیلئے ایک مضبوط و توانا اواز تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں