شمالی وزیرستان میں 2 متحارب قبائل کے مابین بھاری ہتھیاروں سے لڑائی جاری، گھر پر گولہ گرنےسے خاتون جاں بحق

شمالی وزیرستان ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) شمالی وزیرستان کے دو قبیلوں بورا خیل اور حکیم خیل کے درمیان اراضی کے تنازعہ نے ایک بار پھر شدت اختیار کرتے ہوئے دونوں طرف سے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کا ازادانہ استعمال جاری ہے جس میں آخری اطلاعات کے مطابق حکیم خیل میں ایک گھر کے اندر مارٹر کو گولہ گرنے کے باعث ایک خاتون جاں بحق ہو گئی ہے جبکہ متعدد مال مویشی بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔ مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ بورا خیل اور حکیم خیل کے درمیان گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے لڑائی جاری ہے اور دونوں قبیلے ایک دوسرے کے مورچوں کے علاوہ آبادی کو بھی چھوٹے بڑے ہتھیاروں سے نشانہ بنا رہے ہیں ۔ مذکورہ لڑائی مین میرعلی میرانشاہ روڈ کی حدود میں وقتاً فوقتاً جاری رہتی ہیں، جس سے میرانشاہ روڈ پر سفر کرنے والوں کی زندگیوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہو تے ہیں۔ قریبی علاقے عیدک سے متعدد افراد نے بتایا کہ انتظامیہ اور پولیس کو اس صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے اپنا کردار آدا کریں تاکہ مزید خون خرابے سے بچا جا سکے۔ یاد رہے کہ حکیم خیل اور بورا خیل کے درمیان اراضی کے اسی تنازعے میں متعدد قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہے۔ اگر ان کے مابین جاری لڑائی کو روکنے کیلئے اقدامات نہ اٹھائے گئے تو مذید جانیں ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں