آٹا بلیک میں فروخت کرنے پر 4 سرکاری ڈیلروں کے لائسنس منسوخ

پشاور ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) محکمہ خوراک نے آٹے کو بلیک میں فروخت کرنے پر 4 سرکاری ڈیلروں کے لائسنس منسوخ کردیئے۔ محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کو اپنی ذرائع سے اطلاع ملی کہ پھندو روڈ اور باغبانان روڈ پر سرکاری کوٹے کے آٹے کو بلیک میں فروخت کیا جا رہا ہے جس کو مصدقہ جانتے ہوئے راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی زیر نگرانی اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ اور فوڈ انسپکٹر محسن علی شاہ نے مختلف فلور ملوں کے دورے کئے اور وہاں پر سرکاری کوٹے کے تحت آٹے کی ترسیل کی چیکنگ کی۔ پھندو روڈ اور باغبانان روڈ پر بلیک میں آٹا فروخت کرنے پر 4 سرکاری ڈیلروں کے لائسنس منسوخ کردیئے۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کی اجازت نہیں دینگے جبکہ سرکاری کوٹے کے تحت ملنے والے آٹے کو بلیک میں فروخت کرنیوالوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ خوراک کی جانب سے فلور ملوں اور آٹا ڈیلرز پر چیک رکھا گیا ہے جو بھی سرکاری نرخ کے مطابق آٹے کو فروخت نہیں کریگا اس کا لائسنس منسوخ کیا جائیگا اور ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پشاور بھر میں سرکاری نرخ کے تحت 20 کلو آٹے کا تھیلہ 860 روپے میں میسر ہے جس کیلئے 270 سے زائد پوائنٹس مختص کئے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو گھر کی دہلیز پر سرکاری نرخ کے مطابق آٹا دستیاب ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں