پشاور کے یو سی 19 اور مُحلقہ علاقوں میں گذشتہ ڈیڑھ ماہ سے گیس غائب

محکمہ سوئی گیس کی سرد مہری کے باعث علاقے کے عوام شدید پریشانی کا شکار، گھروں کے چولھے ٹھنڈے

پشاور کے گنجان آباد علاقہ حلقہ یو سی 19 اور محلقہ علاقوں مسلم مینار بازار ، محلہ باقر شاہ ، بازار کلاں ، ملک پورہ میں گذشتہ ڈیڑھ ماہ سے گیس غائب ۔ سردی کی شدت میں اضافے کے باعث بزرگوں اور بیماروں کو گرم پانی میسر نہ ہونے کی وجہ سے شدید ذہنی پریشانی کا سامنا ہو رہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ ڈیڑھ ماہ سے علاقہ میں سوئی گیس غائب ہے جس کی بحالی کیلئے علاقہ مکینوں نے محکمہ سوئی گیس کے اعلیٰ حکام کو تحریری شکایات بھی کیں جبکہ سوئی گیس ہلیپ لائن پر کمپلنٹ بھی کروائیں لیکن تاحال ان شکایات پر کوئی عملدرآمد تو درکنار محکمہ سوئی گیس کی جانب سے کوئی مثبت کارروائی تک نہیں کی گئی ۔ محکمہ سوئی گیس کی سرد مہری کے باعث یو سی 19 کے مکین ذہنی پریشانی اور بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں کیونکہ سردی میں شدت کے باعث گیس کی بندش سے جہاں گھروں کے چولھے ٹھنڈے پڑے ہیں وہیں سرد موسم میں مساجد میں ٹھنڈے پانی کے استعمال سے بیماریوں میں اضافہ بھی ہو رہا ہے ۔ منتخب نمائندوں اور ایم پی ایز اور ذمہ داران تک بھی سوئی گیس کی بندش کی شکایات کی گئیں لیکن محکمہ سوئی گیس نے انہیں بھی خاطر میں نہ لاتے ہوئے کوئی مثبت جواب اور مسئلے کے تدارک کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا گیا ۔ علاقہ مکینوں نے کہا کہ ڈیڑھ ماہ قبل گیس پریشر کی کمی کی وجہ سے بھی ہمیں انتہائی پریشانی کا سامنا تھا جس کی شکایات پر نئے پائپوں کی تنصیب کی گئی جس کے باعث گلی کوچے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکے اور متعلقہ ٹھیکیدار نے علاقے کو کھنڈر میں تبدیل کرکے علاقہ مکینوں کو اللہ کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جس پر علاقہ کے عوام شدید مشکلات سے دو چار ہیں اور ظلم بالائے ظلم کہ ڈیڑھ ماہ سے تو گیس بالکل ہی غائب ہو چکی ہے ۔ علاقہ مکینوں نے کہا ہے کہ گیس کی بندش اور سردی میں شدت کے باعث گھروں میں بیمار اور معمر افراد کو گرم پانی میسر نہیں جبکہ کام کاج پر جانے والے افراد اور سکول جانے والے بچے روزانہ بغیر ناشتہ جانے پر مجبور ہوتے ہیں ۔ سرد موسم میں ٹھنڈے پانی کے استعمال سے بیماریوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جبکہ مہنگائی کی وجہ سے ایل پی جی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے بھی عوام کو گیس سے محروم کر رکھا ہے ۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی ہمیں مہنگے داموں مل رہی ہے ۔ علاقہ مکینوں نے موجودہ حکومت ، حکومتی ذمہ داروں اور خصوصاً محکمہ سوئی گیس کے اعلیٰ اور ذمہ دار حکام کو متنبہہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر فوری طور پر یوسی 19 کے علاقوں میں گیس کی بحالی نہ ہوئی تو علاقے کے عوام بچوں خواتین بزرگوں سمیت شدید ترین احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے اور ہر قسم کی ذمہ داری محکمہ سوئی گیس اور متعلقہ حکام پر عائد ہو گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں