خیبر پختونخوا میں کورونا ٹیسٹنگ کی نظر ثانی شدہ پالیسی تیار، پہلے مرحلے میں ٹیسٹ کی تعداد 2000 روزانہ تک بڑھائی جائے گی، اجمل وزیر

پشاور(دی خیبر ٹائمز پولیٹکل ڈیسک) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ صوبے میں کورونا وائرس ٹیسٹنگ کی نظر ثانی شدہ پالیسی تیار کی گئی ہے جس کے مطابق پہلے مرحلے میں ٹیسٹ کی تعداد 2000 تک بڑھائی جائیگی جبکہ دوسرے مرحلے میں یہ تعداد 5 ہزار اور پھر 10 ہزار تک بڑھائی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔اجمل وزیر نے کہا کہ فرنٹ لائن پر موجود عملہ ٹیسٹ میں پہلی ترجیح ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد کے اہلخانہ کے حوالے سے بھی پالیسی وضع کر لی ہے جس میں ایک گھر میں 5 سے کم افراد ہونے پر سب کے ٹیسٹ ہوں گے جبکہ تعداد زیادہ ہونے پر زیادہ عمرکے 5 افراد کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ اسی طرح متاثرہ شخص کے قریبی افراد کے بھی ٹیسٹ ہوں گے۔ اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ عوامی معاملات والے افراد میں علامات ظاہر ہونے پر ٹیسٹ ہوں گے ۔اجمل وزیر نے کہا کہ دکانداروں، ٹرانسپورٹ سروس، قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار بھی شامل ہیں جبکہ بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کے 48 گھنٹوں کے اندر ٹیسٹ ہوں گے۔ اجمل وزیر نے اب تک کیے گئے کورونا ٹیسٹوں کے اعداد وشمار بتاتے ہوئے کہا کہ اپریل تک کل 19543 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ابتدا میں صرف 20 ٹیسٹ یومیہ کیے جاتے تھے جبکہ اب ٹیسٹنگ کی تعداد 1 ہزار سے بھی زیادہ کر دی گئی ہے۔ دریں اثناء مشیر اطلاعات نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر میں ان صحافیوں کی خدمات کا ذکر ضرور کروں گا جنہوں نے کورونا کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرتے کرتے خود کورونا کا شکار ہوئے۔ اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ آزادی صحافت ملک اور قوم کی ترقی میں اہم کردار کرتی ہے اور پاکستان بھی صحافت کی آزادی پر یقین رکھتا ہے۔
علاوہ ازیں، اجمل وزیر نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بارے میں کہا کہ قیمتوں میں تاریخ میں پہلی بار سب سے زیادہ کمی کی گئی ہے۔ کمی کے بعد خیبر پختونخوا ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بھی کرایوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی ہٹانے کے بعد کرایوں میں کمی پر عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ کرایوں میں کمی کا مقصد عوام کو فی الفور ریلیف دینا ہے۔ لاک ڈاون سے پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے میں انہوں نے کہا کہ حکومت احساس پروگرام کے تحت غریبوں کو کیش فراہم کر رہی ہے وزیراعلی محمود خان کی سربراہی میں پوری صوبائی مشنری کورونا کو شکست دینے کے لئے میدان میں ہے۔اجمل وزیر نے کہا کہ مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام صوبائی حکومت کا بھر پور ساتھ دے رہے ہیں۔ بیرونی ممالک سے آنے والے پاکستانیوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ صوبے میں انہیں مختلف مقامات پر قرنطینہ کیا جا رہا ہے جن کے ٹیسٹ منفی آرہے ہیں انہیں گھر بھیجا جا رہا ہے۔اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ یہ اللہ تعالی کا بڑا فضل ہے کہ ہمیں عمران خان جیسا وزیراعظم ملا ہے جو ہمیشہ غریب طبقے کی بات کرتا ہے اور اس طبقے کو اوپر اٹھانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔
؎

اپنا تبصرہ بھیجیں