پشاور( دی خیبرٹائمز مانیٹرنگ ڈیسک ) پولیس زرائع کے مطابق رواں سال کے پہلے نو ماہ میں شہر میں 415 افراد قتل ہوئے، گزشتہ سال کی نسبت قتل واقعات میں 89 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔شہر میں اقدام قتل کے 632 واقعات رپورٹ ہوئے اور ان جرائم میں ملوث 2 ہزار 663 ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق قتل کے واقعات میں ملوث 47 فیصد ملزمان کو تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا، شہر میں چوری، ڈکیتی اور قتل کے مجموعی طور پر 2 ہزار 433 مقدمات درج کیے گئے، جن میں 6 ہزار 163 نامزد ملزمان میں سے 3 ہزار 655 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ جبکہ 41 فیصد ملزمان ابھی تک قانون کی گرفت میں نہیں آسکے۔
شہر میں رہزنی کے 321 واقعات میں 695 ملزمان نامزد کیے گئے ہیں جن میں سے 39 فیصد ملزمان گرفتار نہیں کیے جا سکے، گاڑیاں چوری اور چھیننے کے واقعات بھی بڑھے ہیں، رواں سال 83 گاڑیاں چوری ہوئیں اور 30 گاڑیاں چھینی گئیں۔ موٹر سائیکل چوری کے 202 مقدمات درج ہوئے جن میں 312 ملزمان نامزد ہوئے جبکہ موٹر سائیکل چھیننے کے 106 واقعات میں 45 فیصد ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ ایس ایس پی اپریشنز کاشف ذوالفقار کے مطابق قتل کے بڑھتے واقعات کے پیچھے ہتھیار سازی، خاندانی مسائل، جائیداد اور کاروباری لین دین شامل ہیں۔
Load/Hide Comments