اجمل وزیر کی مبینہ آڈیو ریکارڈنگ، خیبرپختونخواحکومت کی کارکردگی پرسوال اٹھنےلگے

پشاور ( یاسر حسین سے ) خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر کی ایک اشتہارات ایجنسی سے کمیشن کے معاملے پر لیک ہونے والے مبینہ آڈیو ریکارڈنگ نے جہاں اپوزیشن جماعتوں کو بولنے کا موقع دیا وہیں حکومت کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھنے لگے ، اب تک وزیراعلی محمود خان کے انتہائی قریبی ساتھیوں میں شمار ہونے والے اجمل وزیر کی آڈیو ریکارڈنگ میں کمیشن کے معاملے پر تیرہ منٹ کی گفتگو نے حکومتی ارکان کے منہ بند کر دیئے ہیں ، اجمل وزیر 2018 کے عام انتخابات کے بعد اچانک سے تحریک انصاف کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے گئے اسی لیے انہیں وزیراعلی محمود خان کا ترجمان مقرر کیا گیا ، اس دوران اجمل وزیر کی صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی سے اختیارات کی جنگ بھی رہی اسی لیے انہوں نے وزرات اطلاعات کا قلمدان چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور محکمہ لیبر کے وزیر بن گئے ، خیبرپختونخوا اسمبلی 145 ارکان پر مشتمل ہے ، جن میں 92 ارکان تحریک انصاف کے ہیں ، لیکن منتخب ارکان کو وزرات اطلاعات کا محکمہ دینے کی بجائے نان الیکٹیڈ کو مشیر اطلاعات کا قلمدان سونپا گیا ، جس پر تحریک انصاف کے کئی ارکان سیخ پا بھی ہوئے لیکن پارٹی اور حکومت کی ساکھ متاثر ہونے کے خدشات کے پیش نظر حکومتی ارکان نے چپ سادھ رکھی ، اجمل وزیر کا منتخب ارکان اسمبلی سے منفی رویئے کی بھی شکایات وقتاً فوقتاً سامنے آتی رہیں ، لیکن اس کے باوجود وہ اپنے عہدے پر فائز رہے ، کورونا وائرس صورتحال میں اجمل وزیر نے اپنے من پسند افسران کو بھی تعینات کیا ، تاہم کمیشن لین دین معاملے کی آڈیو ریکارڈنگ منظر عام پر آنے کے بعد وزیراعلی محمود خان سمیت کابینہ ارکان سر پکڑ کر بیٹھ گئے ہیں ، تاہم اجمل وزیر کی لیک ہونے والی آڈیو کال کی تحقیقات کے لیے چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز کی سربراہی میں کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے ، جو آڈیو ریکارڈنگ کی باقاعدہ فرانزک کروائیں کر رپورٹ وزیراعلیٰ کو بھیجیں گے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ آڈیو کال وزیراعظم عمران خان کو ایک اہم عہدیدار نے بھیجی جس کے بعد عمران خان نے وزیراعلیٰ کو آڈیو ریکارڈنگ بھیج کر اجمل وزیر کو عہدے سے ہٹانے کے احکامات جاری کئے ہیں، ادھر دوسری جانب اجمل وزیر نے آڈیو ریکارڈنگ کی سختی سے تردید کرتے ہوئےاپنے بیان میں کہا ہے، کہ مختلف تقاریب کی ویڈیو ریکارڈنگ کو ایڈیٹ کرکے آڈیو ریکارڈنگ بنا کر لیک کی گئی ہے، جو کہ ان کے خلاف سازش ہے، وزیراعلی محمود خان کی جانب سے بھی بیان جاری ہوا جس میں انہوں نے آڈیو ریکارڈنگ کی تحقیقات کے بعد اصل حقائق سامنے رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے ۔۔۔ خیبرپختونخواکےمشیراطلاعات اجمل وزیراشتہارات میں کمیشن کا معاملہ، آڈیوٹیپ لیک ہونےکےبعد عہدےسےفارغ



اجمل وزیر کی مبینہ لیک آڈیو اور ان کا ویڈٰو موقف ہماری فیس بک

The Khyber Times

پر موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں