اسلام آباد (دی خیبر ٹائمز پولیٹیکل ڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کورونا متاثرین سے متعلق قومی اسمبلی کی فنکشنل کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں تبلیغی، زائرین ، بیرون ملک مقیم پاکستانی اور اور صحافی برادری کو درپیش مسائل پر بات ہوئی۔اسپیکر نے شہریار آفریدی کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی کے ذریعے انجام دینے والے کام کی تعریف کی اور وزارت خارجہ کو ہدایت کی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے رمضان پیکیج کی سہولت فراہم کرے۔
شہریار آفریدی نے بتایا کہ کمیٹی کے انعقاد کے بعد اب تک 10 ہزار سے زائد تبلیغی،زائرین اور پاکستانیوں کو وطن واپس لایا گیا ہے۔صحافیوں کو درپیش مسائل سے متعلق مطالبات حکومت تک پہنچا دی گئی ہیں جس پر جلد از جلد عمل درآمد کرنے کی درخواست کی ہے۔
کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر برائے امور خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ کہ اب تک 5629 بیرون ملک مقیم پاکستانی اور 428 قیدیوں کو وطن واپس لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے سے نمٹنے کیلئے قومی حکمت عملی واضح کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے بتایا کہ 17 پروازیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو واپس لائی ہیں اور 20 پروازوں سے مزید پاکستانی وطن واپس آئیں گے۔ وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا کہ تبلیغی اور زائرین کو واپس لانے کے لیے اصولوں کی پیروی کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی سید ذوالفقار بخاری نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور قطر میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی سہولت کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ قطر ایئرلائن سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو امریکہ سے لانے پر بھی بات کی گئی ہے۔
Load/Hide Comments