پشاور (پریس ریلیز) صوبائی دارلحکومت پشاور میں انٹر سکولز گیمز کا آغاز طہماس خان فٹبال سٹیڈیم میں ایک پروقار تقریب کے ذریعے ہوا، جس میں ضلع پشاور کے سو سے زائد اسکولوں کے ایک ہزار سے زائد کھلاڑی گیارہ مختلف کھیلوں میں شرکت کر رہے ہیں۔ گیمز کا باضابطہ افتتاح صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہاں اور وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ایلیمنٹری ایجوکیشن مسعود خان، ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) محمد اصغر سورانی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سلیم ایوبی، ریجنل اسپورٹس آفیسر کاشف فرحان، ڈائریکٹر ایلیمنٹری ایجوکیشن سمینہ الطاف سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
ضلعی انتظامیہ پشاور کی زیر نگرانی اور محکمہ کھیل کے تعاون سے ان گیمز میں ہائیر و ہائی اسکولز کے درمیان مختلف مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ انٹر سکولز گیمز میں کرکٹ، بیڈمنٹن، والی بال، فٹبال، ایتھلیٹکس، کبڈی، ہاکی، ٹینس، باسکٹ بال، ٹیبل ٹینس، ہینڈ بال، سکواش اور رسہ کشی کے مقابلے شامل ہیں۔ یہ مقابلے 19 نومبر تک جاری رہیں گے، اور فاتح کھلاڑی انٹر ڈویژنل مقابلوں میں شرکت کریں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہاں نے اعلان کیا کہ صوبائی حکومت جلد ہی انڈر 16 ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز کر رہی ہے تاکہ گراس روٹ لیول پر نیا ٹیلنٹ سامنے لایا جا سکے۔ اس پروگرام کے تحت مختلف کھیلوں میں ایک صوبائی ٹیم تشکیل دی جائے گی، جو صوبے کی نمائندگی کرے گی۔ کھلاڑیوں کو صوبائی حکومت کی جانب سے 25,000 روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کھیلوں کے حوالے سے ایک ذرخیز خطہ ہے، جہاں سے کرکٹ، سکواش، والی بال اور ہاکی سمیت مختلف کھیلوں کے کئی نیشنل اور انٹرنیشنل سطح کے کھلاڑی پیدا ہوئے، جنہوں نے نہ صرف صوبے بلکہ پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا ہے۔
آخر میں صوبائی وزیر کھیل نے انٹر سکولز گیمز کے فاتح کھلاڑیوں کے لئے 20,000 روپے کے انعام کا اعلان بھی کیا۔ تقریب سے صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی، ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم اور سیکرٹری ایلیمنٹری ایجوکیشن مسعود خان نے بھی خطاب کیا۔ انٹر سکولز گیمز 19 نومبر تک جاری رہیں گے۔