خیبر (نمائندہ خصوصی) خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر سے رکن صوبائی اسمبلی محمد عدنان قادری نے افغان اور پاکستانی حکام سے اپیل کی ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر طورخم بارڈر کے افغان جانب پھنسے ہوئے خیبر کے رہائشیوں کو واپس پاکستان آنے کی اجازت دی جائے۔
ایم پی اے عدنان قادری کے مطابق، ضلع خیبر کے درجنوں کاروباری افراد، اساتذہ، مزدور اور دیگر ضرورت مند شہری طورخم لائن پر افغان سائیڈ میں محصور ہیں اور انہیں سرحد پار کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی حکام کی جانب سے ان افراد کو بذریعہ ہوائی جہاز واپس آنے کی ہدایت کی گئی ہے، تاہم یہ افراد شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں اور ہوائی سفر کے اخراجات برداشت کرنے کے قابل نہیں۔ عدنان قادری کا کہنا تھا کہ پھنسے ہوئے تمام شہریوں کے پاس قانونی دستاویزات، بشمول پاسپورٹ اور دیگر سفری لوازمات مکمل ہیں، اس لیے ان کی واپسی میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع خیبر کے عوام نے ہمیشہ دونوں جانب کے مسافروں کو بھائیوں کی طرح خوش آمدید کہا ہے، اس لیے توقع ہے کہ اس مشکل گھڑی میں بھی انسانی بنیادوں پر تعاون کیا جائے گا۔
ایم پی اے عدنان قادری نے پاکستان اور افغانستان دونوں حکومتوں سے پرزور اپیل کی کہ طورخم لائن پر پھنسے خیبر کے باشندوں کو پاسپورٹ انٹری کی بنیاد پر زمینی راستے سے وطن واپس آنے کی فوری اجازت دی جائے تاکہ وہ اپنے خاندانوں سے دوبارہ مل سکیں۔




