نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پختون جرنلسٹس فورم اسلام آباد کے عہدیداران کی تقریب حلف برداری

اسلام آباد ( دی خیبرٹائمز مانیٹرنگ ڈیسک ) تقریب کے مہمان خصوصی گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نو منتخب عہدیداروں سے حلف لیا، حلف برداری کے بعد پختون کلچر ڈے کے حوالے سے شاندار محفل موسیقی کا انعقاد کیا گیا جس میں پشتو کے معروف گلوکاروں نعیم طوری اور راج مروت کی شاندار گائیگی نے سماں باندھ دیا، حاضرین نے خوب داد دی، اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر، اخونزادہ چٹان، این پی سی کے صدر اظہر جتوئی، سیکرٹری نیئر علی سمیت دیگر شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق پختون جرنلسٹس فورم اسلام آباد کے نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقد ہوئی، تقریب کے مہمان خصوصی خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی تھے جنہوں نے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا، صدر محفل پشتو شاعر رحمت شاہ سائل نے اپنا کلام پیش کیا۔ معروف دانشور نورالامین یوسفزئی نے پختون ثقافت پر تفصیلی لیکچر دیا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر، اخونزادہ چٹان این پی سی کے صدر اظہر جتوئی، سیکرٹری نیئر علی سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کے آغاز پر پی جے اے کے صدر قمر یوسفزئی، جنرل سیکرٹری گوہر محسود اور پختون کلچر ایسوسی ایشن کے چیئر مین شعیب یوسفزئی نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ حلف برداری کے بعد محفل موسیقی رات گئے تک جاری رہی ۔ گلوکار نعیم طوری اور راج مروت نے اپنی شاندار گائیگی سے شرکا کا لہو گرمایا۔ نوجوان صحافیوں اور مختلف یونیورسٹیوں کے طلبا نے گانوں پر خوبصورت رقص کر کے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں