جنوبی وزیرستان ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) شمالی و جنوبی وزیرستان کے سنگم پر واقع علاقہ شکتوئی میں بدھ کوسیکورٹی فورسز پر دو مقامات پر بارودی مواد کے حملوں میں ایک کیپٹن سمیت سات سیکورٹی اہلکار شہید ہوئے ہیں۔مقامی سرکاری ذرائع نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ شمالی اور جنوبی وزیرستان کے سنگم پر واقع شکتوئی کے علاقہ زیڑ نارائی میں سیکورٹی فورسز کی گشتی پارٹی پر دو مقامات پر سڑک کے کنارے پہلے سے نصب شدہ بارودی مواد کے دو حملے ہوئے جس کے نتیجے میں چھ سیکورٹی اہلکار موقع پر شہید ہوئے جبکہ ایک اہلکار زخموں کی تاب نہ لا کر بعدمیں چل بسا۔ شہید ہونے والے اہلکاروں میں جوانسال کیپٹن عمر، نائب صوبیدار ریاض، نائب صوبیدار شکیل، حوالداریونس، نائیک ندیم اور نائیک عصمت اللہ شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق دھماکوں میں شہید ہونے والے دو شہدا نائیک عصمت اللہ اور حوالدار یونس کا تعلق ضلع لکی مروت سے ہے۔ حملوں کے بعد کالعد م تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دس اہلکاروں کو شہید کرنے کا دعوی کیا ہے۔محمد خراسانی نامی ایک شخص جو خو د کو تحریک طالبان کے ترجمان ظاہر کرتا ہے نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے اور دس اہلکاروں کی شہادت اور متعدد کے زخمی ہونے کا دعوی کیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے ایک روز پہلے شمالی وزیرستان میں میرعلی کے علاقے پاتسی اڈا میں ایک سیکورٹی چیک پوسٹ پر حملے میں دو اہلکار شہید جبکہ پانچ زخمی ہوئے تھے۔گذشتہ دو ماہ سے سیکورٹی چیک پوسٹوں اور اہلکاروں پر حملے میں خوفناک اضافہ ہوا ہے جس سے شمالی اور جنوبی وزیرستان کے امن کو ایک بار پھر خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔
![](https://thekhybertimes.com/wp-content/uploads/2020/10/patasi-969x630.jpg)