اورکزئی میں معروف مزار زائرین اور تعمیر و مرمت کیلئے کھول دیاجائے، پاراچنار میں مظاہرین کا مطالبہ

پارچنار دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) میاں شاہ انور کے ہزاروں عقیدت مندوں اور مریدوں نے قبائلی عمائدین کے ہمراہ پریس کلب پاراچنار کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ڈپٹی کمشنر کے دفتر تک احتجاجی ریلی نکالی مظاہرے میں طوری بنگش قبیلوں کے آٹھ اقوام ، میاں چیغہ اور بادشاہ انور غگ کمیٹی کے رہنماؤں اور ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی، اس موقع پر احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سابق سینیٹر سجاد سید میاں ، سید محمود جان میاں، ولی سید میاں، ڈاکٹر سید انور میاں، سید مشیر حسین، ماہر حسن اور بادشاہ انور غگ کمیٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ بدامنی کے دور میں ضلع اورکزئی میں حکومت نے روحانی پیشوا کے مزار کو زائرین کیلئے بند کردیا تھا اب فورسز کی قربانیوں سے امن قائم ہوگیا ہے لہٰذا بلا تاخیر روحانی پیشوا کا مزار زائرین اور تعمیر و مرمت کیلئے کھول دی جائے کیونکہ زائرین پر پابندی کی وجہ سے روحانی پیشوا کے مریدوں اور عقیدت مندوں میں بے چینی پائی جاتی ہے اور تعمیر و مرمت کی اجازت نہ ہونے کی وجہ سے مزار کی عمارت منہدم ہونے کا خدشہ ہے، رہنماؤں نے کہا کہ اگر ان کا مطالبہ پورا نہ ہوا تو قبائلی اضلاع کرم، اورکزئی اور ہنگو کے ساتھ پشاور ، اسلام آباد میں بھی احتجاجی مظاہرے شروع کردینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں