پشاور( دی خیبرٹائمز کرائمز ڈیسک ) صوبائی دارلحکومت پشاورمیں کمسن بچوں کی گمشدگی کے واقعات میں اضافہ ہوگیا، ایک اور کمسن زینب گھر سے لاپتہ ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق سپلائی گیٹ پیراغائب بابازیارت روڈ کے علاقہ انصاف ٹاؤن سے 5سالہ زینب بنت سراج جو جمعرات 6 اگست کو سہ پہر 4 بجے کے قریب گھر سے ٹافیاں لینے کیلئے نکلی تھی، کافی دیر تک گھر نہ پہنچنے پر اہلخانہ کو تشویش ہوئی اور کمسن زینب کی کافی تلاش کی گئی لیکن وہ نہ مل سکی۔ غریب والدین کی جانب سے ہر ممکن تگ ودو بھی کارگرثابت نہ ہوئی اور 3 روز گزرنے کے باوجود بھی بچی کا کوئی پتہ نہ چل سکا، لاپتہ زینب کے والدین نے فلاحی اداروں اور محکمہ پولیس سے بھی مددلے رکھی ہے، زینب کے والدین کہتے ہیں کہ پولیس نے روایتی ٹال مٹول کامظاہرہ کرتے ہوئے صرف رپورٹ درج کرنے پر اکتفا کرلیا۔ واضح رہے کہ سپلائی روڈ کا علاقہ انصاف ٹاؤن سماج دشمن عناصراور جرائم پیشہ افراد کا گڑھ بن چکا ہے، علاقہ میں موجود منشیات فروشوں، چور اور رہزنوں کو مقامی پولیس کی آشیرباد حاصل ہے، ریلوے لائن سے متصل خالی پلاٹ آئس فروشوں اور رہزنوں کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ علاقہ سے کمسن بچی کی گمشدگی کے بعد گلبہار، پہاڑی پورہ اور فقیرآبادپولیس سٹیشنزکی حدود میں گمشدہ بچی کی اطلاعات آنے کے باوجود تینوں تھانوں کی پولیس صرف کاغذی کارروائی کرنے تک محدود ہوگئی ہے، کمسن زینب کی گمشدگی کے بعد غریب والدین پر غشی کے دورے پڑنے لگے ہیں، انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور آئی جی پی خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی سے اپنی معصوم بیٹی کی بازیابی کی درخواست کی ہے۔
