حکومت کا شہریوں کو 860 روپے میں آٹے کا تھیلہ فراہم کرنے کا فیصلہ

پشاور(دی خیبر ٹائمز سٹی ڈیسک) صوبائی حکومت اور محکمہ خوراک نے غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے سرکاری کوٹے کے تحت 20 بیس کلو آٹے کا تھیلہ 860 روپے میں مہیا کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر عملدرآمد کیلئے سب سے پہلے سرکاری کوٹہ پشاور میں ریلیز کردیا گیا اور دو ہزار میٹرک  ٹن کے حساب سے شہریوں کو کم از کم 860 روپے والا آٹا فراہم ہو جس کے تحت کوہاٹ روڈ‘ یونیورسٹی روڈ‘ جی ٹی روڈ‘ ورسک روڈ اور رامپوررہ بازار میں شہریوں کو 860 روپے کا تھیلہ میسر ہو گا تاہم فلور ملز ایسوسی ایشن حکومت اور محکمہ خوراک کو بلیک میل کرنے کیلئے سڑکوں پر نکل آئے جس کا مقصد صرف اور صرف نا جائز منافع خوری ہے جو غریب کش پالیسی کے سواء کچھ بھی نہیں ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ محکمہ خوراک کے مطابق ہر سال سرکاری کوٹہ 15 اکتوبر کو جاری کیا جاتا ہے جبکہ امسال صوبے کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے دو مہینے پہلے سرکاری کوٹہ جاری کیا گیا۔ محکمہ خوراک نے واضح کیا ہے کہ فلور ملز ایسوسی ایشن کے بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے اور جتنا ہو سکے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ دوسری جانب شہریوں کی جانب سے بھی فلور ملز ایسوسی ایشن کے اس اقدام پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا ہے اور حکومت و محکمہ خوراک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ناجائز منافع خوری میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرنے سمیت ان کے کوٹے اور لائسنس منسوخ کئے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں