اسلام آباد ( دی خیبرٹائمز مانیٹرنگ ڈیسک ) سلیم صافی کے پروگرام جرگہ میں پی پی پی کے رہنماء قمر زمان کائرہ کا بڑا دعوی
پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے موجودہ حکومت اور وزیراعظم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خود وزیراعظم اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور یہ بھی ضروری نہیں کہ ہر ایک حکومت اپنی مدت لازماً پوری کرے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’جرگہ‘ میں پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم اور ان کی حکومت پر شدید نکتہ چینی کی اور کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہی موجودہ حکومت ہے ۔
پیپلز پارٹی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آج کی حکومت کا ایک بھی منصوبہ کامیاب نہیں ہوا ہے جس چیز پر بھی وزیراعظم نے نوٹس لیا وہ قوم کے لیے عذاب بن گئی ہے چاہے وہ ادویات ہو، چینی یا آٹا اور پٹرول ہو۔
انہوں نے وزیر اعظم کے کردار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب کا اسٹائل مکمل طور پر جمہوری نہیں وہ کسی نیشنل اسٹیٹ کو مانتے نہیں ، ان کا تصور ریاست مکمل طور پر ایک فاشسٹ ریاست کا ہے، یہ حکومت فاشسٹ ہے اور اس پر چلنا جمہوریت نہیں کہلاتا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نیازی کے اپنائے گئے رویے سے دنیا کا کوئی ملک ٹھیک نہیں ہوتا ۔ یہاں کبھی فاطمہ جناح غدار ہے تو کبھی بھٹو غدار ہے، پیپلز پارٹی غدار ہے یا نواز شریف، اس سے تو کوئی سوسائٹی ٹھیک کبھی بھی ٹھیک نہیں ہوئی اور نہ ہی پاکستان اس طرح ٹھیک ہونے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی قیادت کو اکٹھا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ صرف پیپلز پارٹی نہیں کہہ رہی ہے بلکہ تمام اپوزیشن پارٹیز اور حکومتی اتحادی جماعتیں کہتی ہیں کہ یہ مینجڈ الیکشن تھے۔
دوسری جانب ن لیگ کے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت تبدیل کرنےکے سوا کوئی راستہ نہیں بچا، حکومت گرے گی، اس کو بڑے چیلنجز ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اتحادی چھوڑ جائیں گے اور عوام کو سڑکوں پر لاسکتے ہیں،جو فضل الرحمان نے کرکے دکھایا ہے۔
Load/Hide Comments