مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایت پر پشاور ائیرپورٹ کا دورہ، کورونا کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا

پشاور ( دی خیبرٹائمزڈسٹرکٹ ڈیسک ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ یکم فروری سے 20 مارچ تک 478 ریگولر پروازوں کے ذریعے 81524 مسافر باچا خان انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر پہنچے ہیں جن کی باقاعدہ اسکریننگ کی گئی ہے۔ جبکہ 15 اپریل سے 28 مئی تک 23 خصوصی پروازوں کے ذریعے کل 4675 مسافر آئے ہیں۔ خصوصی پروازوں میں 727 افراد کورونا پازیٹیو ہیں جن میں سے 246 افراد کا تعلق دیگر صوبوں سے ہے جبکہ 481 افراد کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔ دبئی، ملائیشیا اور دیگر ممالک سے تارکین وطن کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز باچا خان انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اجمل وزیر نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایت پر پشاور ائیرپورٹ کا دورہ کیا اور کورونا کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر عبیدالرحمان عباسی نے مشیر اطلاعات کو انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی اس موقع پر اجمل وزیر نے کہا کہ اس وقت محکمہ صحت کے 15 ڈاکٹرز ، 8 نرسز اور 24 پیرا میڈیکل سٹاف ائیر پورٹ پر تعینات ہیں جو دن رات مسافروں کی اسکریننگ سمیت دیگر فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ائیر پورٹ پر تمام تر حکومتی گائیڈ لائنز پر من و عن عملدرآمد کیا جا رہا ہے جو خوش آئند بات ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں