اِنّالِلہ وَاِنّااِلیہِ رَاجِعُون پشاور کے سینئر صحافی فخرالدین سید کورونا سے شہید ہوگئے

پشاور(دی خیبر ٹائمز ہیلتھ ڈیسک) کورونا وائرس سے متاثرہ پاکستان کے پہلے صحافی شہید ہوگئے ہیں، تفصیلات کے مطابق 92 نیوز پشاور سے وابستہ سینئر صحافی فخرالدین سید آج علی الصبح پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں کورونا وائرس سے لڑتے لڑتے خالق حقیقی سے جا ملے وہ گزشتہ دس دن سے بخار اور سینے میں شدید تکلیف محسوس کررہے تھے، حالت تشویشناک ہونے پر ان کو ہسپتال داخل کرایا گیا جہاں ان کا کورونا ٹیسٹ پازیٹیو آگیا، ان کو ایچ ایم سی کے ائسولیشن میں رکھا گیا اور پلازمہ کے ذریعے جان بچانے کی کوشش کی گئی، انتقال سے ایک روز قبل ان کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔ فخرالدین سید کا شمار پشاور کے سینئر اور منجھے ہوئے رپورٹرز میں ہوتا تھا۔ انہوں نے اس سے قبل قومی اخبارات روزنامہ جہاد، روزنامہ پاکستان، آج نیوز ٹی وی کے ساتھ بھی کام کیا اور شروع دن سے 92 نیوز کے ساتھ وابستہ رہے، اپنے صحافتی کیرئیر کے دوران دہشت گردی اور جرائم سمیت متعدد شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا مںوایا، یاروں کے یار فخرالدین سید دوستوں کو روتا ہوا چھوڑ کر جہان فانی سے کوچ کرگئے، فخرالدین سید کورونا کے باعث شہید ہونے والے پاکستان کے پہلے صحافی ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین۔

اپنا تبصرہ بھیجیں