“یوم سسرال” تحریر کاشف عزیز

رمضان کا با برکت مہینہ تو خیر و عافیت سے گزر گیا, لیکن رات بھر جاگ کر صبح کی نماز کے بعد سونے کا معمول نہیں بدلا۔ویسے بھی پورے پاکستان میں کورونا کی وجہ سے سب کچھ بند ہے,تفریح کے لئے کوئی باہر جا نہیں سکتا,میلوں پر پابندی ہے,سینیما گھروں کو تالے لگے ہوئے ہیں تو تقریباسب نے اس بار عید نہیں نیند منائی ہے.
عید کے دوسرے دن میں بھی نیند ہی منا رہا تھا کہ ہنگو سے تعلق رکھنے والے دوست فیاض بنگش نے فون کال کرتے ہوئے کہا کہ میں بیوی بچوں کو سسرال لے جا رہا ہوں شام میں گپ شپ کرتے ہیں. تواچانک ذہن میں یہی آیا کہ آج تو یوم سسرال ہے.
جی ہاں,عیدالفطر ہو عید الاضحی,عید کے دوسرے دن زیادہ تر داماد اپنے بیوی بچوں سمیت سسرال کا رخ کرتے ہیں, جہاں ساس اپنے داماد اور بیٹیوں کی خوب خاطر مدارت کرتی ہیں. مزے مزے کے کھانوں کے ساتھ ساتھ سب بچے بڑے مل کے اس دن کو خوب مناتے ہیں,کیونکہ جدید دور کی مصروف زندگی میں اب عید کی چھٹیوں اور یوم سسرال کے علاوہ خاندان کے سب افراد کا ایک ساتھ ملنا ممکن نہیں رہا.
عموما ہم جیسے کنوارے اس دن کو سیاحتی مقامات پر گزارنےکو ترجیح دیتے ہیں.لیکن اس بار تو وہ بھی نہیں کر سکے,تازہ دم ہو کہ سوچا کہ پھپو کے گھر عید مبارکباد کے لئے جاتا ہوں.راستے میں یوم سسرال کے مزید شواہد مل گئے۔

ایک نظر یہاں بھی :   سائبر عیدیتحریرکاشف عزیز

کوئی موٹرسائیکل پر,تو کوئی گاڑی میں اور تو اور رکشے,تانگے, چنگچی سمیت ہر طرف داماد صاحب کو بیوی بچوں سمیت یوم سسرال منانے کے لئے سفر کرتے ہوئے دیکھا.
فیس بک کھولا تو ہر گروپ سمیت مختلف دوستوں کے ٹائم لائنز پر یہی موضوع زیر بحث نظر رہا.
اپنے دوست وقار علی خان سے چیٹ شروع کی تو جناب نے کہا کہ آج وہ یوم سسرال منانے گیا تھا.ساس کے ہاتھوں بنی سپیشل بریانی کی تعریف کی اور کہا کہ بہت خرچہ بھی کیا آج دریافت ہوا کہ جناب نے بچوں میں عیدی تقسیم کی ہے,جو یوم سسرال کا اہم جزو بھی ہے.
پورے دن کا مشاہدہ کے بعد سوچا کہ اس پر ایک تحریر لکھوں,کیونکہ ہمارے ملک میں یہی چند خوبصورت مواقع ہوتے ہیں جن میں ہم ایک دوسرے کی خیریت دریافت کرتے ہیں اور دنیا جہاں کے مسائل کو ایک طرف رکھتےہوئے مسکرانے کا موقع میسر آتا ہے۔
ہم سب کو چاہیئے کہ اپنے ارد گرد دیکھتے ہوئے اپنے قریبی رشتوں کو ختم ہونے سے بچائیں اور چھوٹی چھوٹی خوشیوں کو آپس میں ضرب دے کر اس میں اضافہ کریں, اور قیمتی رشتوں کو تحفے میں دنیا کی سب سے قیمتی چیز وقت دیں……

اپنا تبصرہ بھیجیں