پشاور(دی خیبرٹائمز کرائمز ڈیسک) ترجمان سٹی ٹریفک پولیس پشاورنے ایک بیان میں کہا ہے، کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاو نے افطاری کے بعد ون ویلنگ پر متعدد منچلے جوانوں کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے ان پر جرمانے عائد کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کو شکایات موصول ہو رہے تھے کہ افطاری کے فوراً بعد منچلے جوانوں کی جانب سے سنسان سڑکوں پر خطرناک طریقے سے ون ویلنگ کی جاتی ہے جو کسی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے جس پر انہوں نے مختلف سیکٹروں میں رمضان المبارک میں اور خصوصی طور پر عید الفطر کی خریداری کیلئے بڑی تعداد میں رش کم کرنے کیلئے تعینات سپیشل پٹرولنگ موبائلز کو ون ویلنگ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت کی جس پر سپیشل پٹرولنگ فورس نے مختلف سیکٹروں میں کارروائیاں عمل میں لائیں اور متعدد جوانوں کو گرفتار کر کے ان پر جرمانے عائد کئے۔ ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے ٹریفک ہیڈ کوارٹر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں کو افطاری کے فوراً بعد ڈیوٹی پر انجام دینے کی ہدایت کی ہے اور احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ وہ نوجوانوں کی جانب سے ون ویلنگ پر سخت ایکشن لے کر ان کے والدین سے ملیں اور ان سے باقاعدہ تحریری طور پر ضمانت لیکر چھوڑیں اور آئندہ گرفتاری پر سخت قانونی کارروائی کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان طبقہ ون ویلنگ جیسی لعنت سے گریز کریں اور اپنی زندگیوں کو محفوظ بنائیں چھوٹی سی غلطی ان کی پوری زندگی کو معذوری اور قیمتی جان کی ضیاع کا سبب بن سکتی ہے۔
![](https://thekhybertimes.com/wp-content/uploads/2020/05/WhatsApp-Image-2020-05-20-at-5.35.49-PM-1-840x630.jpg)