پشاور ( دی کیبرٹائمز پولیٹیکل ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخارحسین اور بزرگ رہنما حاجی غلام احمد بلور کورونا وائرس کے شکار ہونے کے بعد قرنطین میں ہیں۔ مرکزی ترجمان زاہد خان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی، اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف ، سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی، وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، سیکرٹری جنرل ن لیگ احسن اقبال، رہنما پی پی فرحت اللہ بابر اور جے یو آئی (س) کے رہنما مولانا حامد الحق نے میاں افتخارحسین سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے اور انکی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر سیاسی رہنمائوں نے بھائی کی وفات پر اے این پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سے تعزیت بھی کی۔ اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے بزرگ رہنما حاجی غلام احمد بلور سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے اور انکی خیریت دریافت کی۔ اے این پی کے مرکزی ترجمان کے مطابق پارٹی تمام سیاسی رہنمائوں اور کارکنان کا شکریہ ادا کرتی ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں میاں افتخارحسین اور حاجی غلام احمد بلور کے حوصلے بلند ہیں۔ دونوں رہنما قرنطین میں ہیں اور جلد ہی صحتیابی کے بعد عوامی خدمت کیلئے میدان میں ہوں گے۔
![](https://thekhybertimes.com/wp-content/uploads/2020/05/93876021_1455316281315005_8729955752824799232_n-630x630.jpg)