پشاور (دی خیبر ٹائمز کیلئے سفیر اللہ سے) خیبرپختونخوا کے نوجوان کوہ پیماؤں نے ہندوکش کے پہاڑی سلسلے میں واقع 6,050 میٹر بلند تھلو زوم چوٹی کامیابی سے سر کر کے ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سیاحت، ثقافت، آثارِ قدیمہ و عجائب گھر ملک عدیل اقبال نے اس کامیابی پر نو رکنی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے باصلاحیت نوجوانوں نے اپنی جرات، مہارت اور عزم سے خیبرپختونخوا کا نام روشن کیا ہے۔
ملک عدیل اقبال نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں ایڈونچر ٹورازم کے فروغ کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے اور تھلو زوم چوٹی کی کامیاب مہم اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ ان کے مطابق حکومت نوجوانوں کو کوہ پیمائی سمیت ایڈونچر سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور سیاحتی شعبے کو مزید مستحکم بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے مطابق یہ مہم 9 جولائی کو شروع کی گئی تھی، جبکہ آٹھ روزہ دشوار گزار سفر کے بعد اس بہادر ٹیم نے 17 جولائی کو تھلو زوم چوٹی سر کی۔ مہم کے دوران کوہ پیماؤں نے کمراٹ اور چترال کے مشکل راستوں، گلیشیئرز، برفانی دراڑوں اور خطرناک برفانی ڈھلوانوں کو عبور کیا۔ کئی مقامات پر آئس اسکروز نصب کر کے راستہ بنایا گیا، جبکہ چوٹی تک پہنچنے کیلئے تقریباً آٹھ گھنٹے مسلسل چڑھائی کی گئی۔
کوہ پیماؤں نے کامیاب مہم پر خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کی تکنیکی معاونت اور تعاون نے اس تاریخی کامیابی کو ممکن بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی صوبے میں ٹیکنیکل ماؤنٹینئرنگ اور ایڈونچر ٹورازم کے فروغ کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔
ٹورازم اتھارٹی کے مطابق تھلو زوم چوٹی کو پہلی بار 1971 میں آسٹریلوی جبکہ 2019 میں اطالوی کوہ پیماؤں نے سر کیا تھا۔ حالیہ تاریخی مہم میں خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سوات، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، بشام اور چترال سے تعلق رکھنے والے روح اللہ، عمر خان، انتخاب خان، نعمان سمیع، عزت اللہ شاہ، سعید اختر، نعیم خان، فواد خان اور رواز علی شامل تھے۔
Short Summary
A nine-member team of young climbers from Khyber Pakhtunkhwa successfully summited the 6,050-meter Thalo Zom Peak in the Hindukush range. Provincial officials hailed the achievement as a major milestone for adventure tourism and technical mountaineering in Khyber Pakhtunkhwa.




