پشاور ( دی خیبرٹائمز پولیٹیکل ڈیسک ) خیبر پختونخوا اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے سیکیورٹی کا اجلاس سوموار، 3 نومبر 2025ء کو دوپہر 12 بجے طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس اسمبلی سیکرٹریٹ کے رحمان بابا کانفرنس روم میں منعقد ہوگا۔
اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامئے کے مطابق، اجلاس اسپیکر و چیئرمین اسپیشل کمیٹی برائے سیکیورٹی جناب بابر سلیم سواتی کی ہدایت پر بلایا گیا ہے۔ کمیٹی کو محکمہ پولیس، محکمہ داخلہ اور صوبائی چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی جانب سے صوبے کی سیکیورٹی، قانون و نظم کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
اعلامئے میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی، قائد حزبِ اختلاف عباداللہ، علی امین گنڈاپور، عاطف علی خان، مینا خان، ارباب عثمان خان، شاہ ابوتراب خان بنگش سمیت 37 اراکین صوبائی اسمبلی شریک ہوں گے۔
اسمبلی سیکرٹریٹ کے اسسٹنٹ سیکرٹری عامر خان کے دستخط سے جاری مراسلے میں تمام اراکین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اجلاس میں بروقت شرکت کو یقینی بنائیں۔




