پشاور (رپورٹنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ صوبائی کابینہ میں حالیہ ردوبدل چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے وژن کو آگے بڑھانے اور حکومتی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعض عناصر سیاسی رنگ دے کر اس عمل کی مخالفت کر رہے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ دراصل عمران خان کے وژن کے مخالف ہیں۔ ڈاکٹر سیف نے بتایا کہ حالیہ ملاقات میں عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں کابینہ میں ردوبدل کا اختیار دیا تھا اور ساتھ ہی حکومتی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی دی تھی۔
معاونِ خصوصی کے مطابق کابینہ میں تبدیلی وزیراعلیٰ کا صوابدیدی اختیار ہے اور وہ کسی بھی وقت اس میں ردوبدل کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ایک بہترین اور فعال ٹیم تشکیل دینا وقت کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ڈاکٹر سیف نے کہا کہ کابینہ میں ردوبدل ایک مثبت اور جمہوری عمل ہے، جس کا مقصد حکومت کی کارکردگی کو مزید مؤثر اور عوامی توقعات کے مطابق بنانا ہے۔
