پشاور (دی خیبر ٹائمز پولیٹیکل ڈیسک) مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے ملک میں جاری کرپشن بیانیے اور حالیہ کوہستان کرپشن کیس سے متعلق اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا عالمی کرپشن انڈیکس 135 پر ہے، اور کئی دہائیوں سے یہی پوزیشن برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی رینکنگ 129/142 جبکہ ہیومن ڈیویلپمنٹ انڈیکس 168 ہے، جو ملکی کارکردگی کا واضح عکاس ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی 78 سالہ تاریخ میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے مجموعی طور پر 42 سال جبکہ مختلف فوجی ادوار نے 32 سال حکومت کی ہے۔ بانی تحریک انصاف عمران خان کی حکومت صرف ساڑھے تین سال رہی، اس کے باوجود ملکی زوال کا بیانیہ ان سے جوڑا جا رہا ہے، جو نہایت افسوسناک اور گمراہ کن ہے۔
کوہستان کرپشن کیس: غیرسیاسی معاملہ قرار
مزمل اسلم نے واضح کیا کہ کوہستان کرپشن کیس کو بھی تحریک انصاف سے جوڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے، حالانکہ یہ ایک غیر سیاسی کیس ہے۔ انہوں نے کہا:
“نہ کسی پی ٹی آئی رہنما کے اکاؤنٹ میں کوئی پیمنٹ ہوئی، نہ ہی کوئی ‘مقصود چپڑاسی’ یا ‘پاپڑ والا’ اس کیس میں سامنے آیا۔ اگر پی ٹی آئی کی کوئی شمولیت ہوتی تو سینکڑوں کیسز کی طرح اس پر بھی کارروائی ہوتی۔”
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اس معاملے پر مکمل تعاون کا عزم ظاہر کر چکے ہیں، اور ان کی حکومت کرپشن کی رقوم کی واپسی کے حق میں ہے۔
وفاق کی مالی نگرانی پر سوالات
مزمل اسلم نے بتایا کہ اٹھارویں ترمیم کے باوجود وفاق خیبرپختونخوا کی مالی ترسیلات اور ادائیگیوں کے نظام میں براہ راست شامل رہا ہے۔ چیک جاری کرنے کا اختیار وفاق کے پاس ہے تاکہ اکاؤنٹس پر چیک اینڈ بیلنس رہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ خیبرپختونخوا کا محکمہ خزانہ کوہستان کرپشن کیس میں براہ راست ملوث نہیں ہے۔
دیگر کرپشن کیسز پر توجہ دلانے کا مطالبہ
مزمل اسلم نے سوال اٹھایا کہ حالیہ چینی اسکینڈل، جس کا حجم 250 ارب روپے تھا، اس کا کیا بنا؟ اسی طرح گندم درآمد اسکینڈل (400 ارب روپے)، نیب NRO (1100 ارب)، پنجاب میں مالی بے ضابطگیاں (1000 ارب)، نیلم جہلم کیس (500 ارب)، آئی پی پیز اور گردشی قرضے (5000 ارب)، اور توشہ خانہ 1947 سے 2025 تک – ان تمام کیسز پر بھی توجہ کیوں نہیں دی جا رہی؟
( https://thekhybertimes.com/)
انہوں نے زور دیا کہ نوجوان نسل اب باخبر ہے اور سچ کو چھپانا ممکن نہیں رہا۔
نیب کی کارروائی اور ریکوری
مزمل اسلم نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ نیب نے کوہستان کرپشن کیس میں ریکوری کرلی ہے، اور یہ کیس انجام کے قریب ہے۔ انہوں نے میڈیا سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کو مکمل حقائق سے آگاہ کرے تاکہ کرپشن کے اصل ذمہ داروں کو بے نقاب کیا جا سکے۔
مزید اپڈیٹس کے لیے وزٹ کریں ہماری ویب سائٹ دی خیبرٹائمز