پی ٹی آئی نے مخصوص نشستوں کے معاملے پر پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

پشاور (دی خیبر ٹائمز کورٹ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مخصوص نشستوں کے حوالے سے پشاور ہائیکورٹ میں باضابطہ درخواست دائر کر دی ہے، جس میں عدالت سے 13 اور 14 مارچ 2024 کے عدالتی فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

یہ آئینی درخواست پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے جنرل سیکریٹری علی اصغر کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔ درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ مخصوص نشستوں پر تحریک انصاف کا آئینی و قانونی حق تسلیم کیا جائے، کیونکہ پارٹی کو اس معاملے میں مؤثر طور پر سنا ہی نہیں گیا، اور عدالت کو فراہم کردہ معلومات ادھوری اور گمراہ کن تھیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ مخصوص نشستوں کے فیصلے میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے گئے اور پی ٹی آئی کو نمائندگی کے اس کے جائز حق سے محروم کر دیا گیا، جو کہ آئین اور جمہوری اقدار کے منافی ہے۔

پی ٹی آئی نے اپنی درخواست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان سمیت دیگر متعلقہ فریقین کو بھی شامل کیا ہے، اور عدالت سے استدعا کی ہے کہ اسے مؤقف پیش کرنے کا پورا موقع دیا جائے تاکہ عدالتی عمل شفاف اور منصفانہ ہو۔

پی ٹی آئی کی جانب سے یہ قانونی اقدام ایسے وقت پر اٹھایا گیا ہے جب پارٹی مسلسل یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ مخصوص نشستوں پر ان کا حق دانستہ طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے، جو کہ انتخابی نمائندگی کے اصولوں سے انحراف کے مترادف ہے۔

ذرائع کے مطابق، پشاور ہائیکورٹ میں اس درخواست پر سماعت کی تاریخ جلد مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں