پی ڈی ایم اے کا الرٹ: فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور بارشوں کے پیش نظر ہفتہ اور اتوار کی چھٹیاں منسوخ

پشاور (ویب ڈیسک دی خیبر ٹائمز)
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے 18 اپریل 2025 کو ممکنہ فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر موسمی خطرات کے پیش نظر ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے صوبائی ایمرجنسی آپریشن سنٹر (PEOC) کے تمام افسران اور ضلعی سطح پر ڈپٹی کمشنرز سمیت متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہفتہ 19 اپریل اور اتوار 20 اپریل کو تمام متعلقہ محکموں کی ہفتہ وار تعطیلات منسوخ کرتے ہوئے معمول کی سرگرمیوں کے بجائے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت حاضری کو لازم قرار دیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ موسمی خطرات کی صورت میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔ تمام فیلڈ افسران اور ضلعی سطح پر ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو بروقت ریسپانس، رپورٹنگ اور بین الاضلاعی رابطہ کاری کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے نتیجے میں ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ، سیلابی ریلوں اور دیگر قدرتی خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کی مکمل تیاری کا مظاہرہ متوقع ہے۔ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو مؤثر بنانے اور فوری ریسپانس یقینی بنانے کی خاطر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔

اعلامیے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ پی ڈی ایم اے کا یہ اقدام عوام کے جان و مال کے تحفظ کو مقدم رکھنے کی عملی مثال ہے، اور قدرتی آفات کی صورت میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تر پیشگی تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں