پشاور ( دی خیبرٹائمزرپورٹ) پشاور ہائیکورٹ میں حیات آباد سے لاپتہ چار بھائیوں کے اہل خانہ کے شناختی کارڈز بلاک کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ سماعت جسٹس ارشد علی اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔
سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شاہ فیصل اتمانخیل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل ثناء اللہ عدالت میں پیش ہوئے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار افغان شہری ہے اور نادرا نے بھی اس کی تصدیق کر دی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ درخواست گزار کے اہل خانہ افغانستان منتقل ہو چکے ہیں اور اس حوالے سے متعلقہ رپورٹ بھی موجود ہے۔
ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اس کیس کو خارج کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے ضمنی درخواستیں دائر کی جا چکی ہیں۔
نادرا کے نمائندے نے عدالت سے استدعا کی کہ اس کیس میں جاری حکم امتناع واپس لیا جائے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد حکم امتناع واپس لیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 21 اپریل تک ملتوی کر دی۔