پشاور ( پ ر ) ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا محمد قیصر خان نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان کے متاثرین کے تما م مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور ان کی مشکلات کو کم سے کم کرنے کیلئے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ یہ باتیں انہوں نے اپنے دفتر میں اپریشن ضرب عضب کے متاثرین کے نمائندہ جرگے کے ساتھ اجلاس کے بعد بتائیں ۔ جرگے کی سربراہی چیف اف وزیرستان ملک نصراللہ خان کر رہے تھے ۔ اجلاس میں کمپلیکس ایمرجینسز ونگ پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر ثوبیہ حسام طورو اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ شمالی وزیرستان کے متاثرین کی وفد نے ڈی جی پی ڈی ایم اے کو متاثرین کو درپیش مشکلات کے بارے میں تفصیل کے ساتھ بریفینگ دی جس پر انہوں نے بعض مسائل پر فوری احکامات صادر کئے جبکہ بعض مسائل کی کم سے کم وقت میں حل کرنے کی یقین دہا نی کرائی ۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شمالی وزیرستان کے وہ متاثرین جن کی ابھی تک واپسی نہیں ہوئی ہے ، کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں ہو نی چاہئے اور انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائے ۔ اجلاس کے بعد چیف اف وزیرستان ملک نصراللہ خان نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے قیصر خان نے ان کی بات غور سے سنی اور متاثرین کے مسائل کے حوالے سے ان کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور مذکورہ جرگے کے تمام اراکین اس اجلاس سے مطمئن ہیں ۔