مشرقی افغانستان میں تباہ کن زلزلے کے باعث 950 افراد ہلاک، 600 سے زائد افراد زخمی

پشاور ( دی خیبرٹائمزمانیٹرنگ ) گزشتہ رات پاک افغان سرحد کے قریب رونما ہونے والے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں اخری اطلاعات انے تک جنوب مشرقی افغانستان کے مختلف علاقوں سے موصولہ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 950 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 600 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پاک افغان سرحد کے ساتھ متصل افغان علاقے صوبہ پکتیا، پکتیکا، خوست ، بیرمل، لامن ، میر ساپر ، گیان اور دیگر کئی علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں جن میں ایک اندازے کے مطابق صرف پکتیکا میں ڈھائی سو سے زائد افراد بشمول خواتین اور بچے جاں بحق ہوچکے ہیں ۔ جاں بحق ہونے والوں میں شمالی وزیرستان کے ضرب عضب کے متاثرین بھی شامل ہیں جن کی تعداد کے بارے میں حتمی رپورٹ سامنے نہیں ائی ہے تاہم خوست کے متاثرین کیمپ سے ایک ٹی ڈی پی نے بتایا کہ پندرہ سے زائد لوگ جاں بحق ہو چکے ہیں جن کا تعلق شمالی وزیرستان کے تحصیل دتہ خیل ہے ۔ اطلاعات کے مطابق کئی علاقوں میں پورے کے پورے گاؤں مبے تلے دب چکے ہیں اور متعدد ویڈیو ز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طالبان حکومت کے اہلکار ہیلی کاپٹروں کے ذریعے سے زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ افغانستان کے مختف علاقوں سے ریسکو ٹیمیں جنوب مشرقی افغانستا ن پہنچ گئیں ہیں جہاں بلڈوزروں اور دیگر کئی طریقوں سے ملبے کے نیچے دبے ہوئے لوگوں کو نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ افغان وزارت داخلہ کے ایک اہلکار صلاح الدین ایوبی نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ اب تک 950 لوگوں کے جاں بحق ہونے اور 610 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے تاہم شرح اموات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ ابھی مزید لوگ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جبکہ کچھ ایسے دور افتادہ علاقے بھی ہیں جہاں سے اب تک کسی قسم کی مصدقہ اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔ سرحد پار کے دیگر ذرائع نے بتایا ہے کہ کچھ علاقوں میں پورے کے پورے دیہاتوں کے اوپر پہاڑی سرکنے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں جہاں بہت زیادہ جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ادھر پاک افغان سرحد غلام خان پر ضلعی انتظامیہ شمالی وزیرستان نے زلزلے کے متاثرین کے رشتہ داروں کیلئے آنے جانے میں نرمی کا اعلان کیا ہے اور بدھ کو بہت سے لوگ اپنے رشتہ داروں سے ملنے پاک افغان سرحد غلام خان کے راستے افغان علاقے میں داخل ہوئے ہیں جو وہاں اپنے متاثرہ رشتہ داروں کی مدد کرینگے ۔ وائس آف امریکہ کی رپورٹ کے مطابق زلزلہ رات ایک بج کر 35 منٹ پر شروع ہوا جس کی مقدار رئیکٹر سکیل پر 6 اعشاریہ ایک بتایا گیا ہے اور جس کا مرکز خوست شہر کے قریب بتایا گیا ہے۔ زلزلے کی گہرائی 51 کلومیٹر بتائی گئی ہے۔ زلزلے کے جھٹکے پاک افغان سرحد کے قریب پاکستان کے قبائلی علاقے بالخصوص شمالی و جنوبی وزیرستان میں بھی محسوس کئے گئے تاہم وہاں سے کسی قسم کی جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات سامنے نہیں آئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں