میران شاہ ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) شمالی وزیرستان کے میرعلی شہر میں ایک ہی روز ہے درپے ٹارگٹ کلنگ کے دو واقعات میں تین افراد قتل کردیے گئے۔ پہلا واقعہ سہ پہر تین بجے کے قریب پیش آیا جس میں میرعلی کے نواحی علاقے حسوخیل سے تعلق رکھنے والے نواجوان کو دن دیہاڑے فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا ۔ پولیس ذرائع نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ منگل کو دوپہر تین بجے کے قریب میرعلی بازار میں نامعلوم مسلح نقاب پوشوں نے میرعلی کے نواحی گاؤں حسوخیل کے رہائشی نوجوان جمیل احمد ولد رحمن الدین کو فائرنگ کرکے قتل کردیا ۔ پولیس کے مطابق مقتول کے سر میں دو گولیاں لگی تھیں جس سے اس کی موت واقع ہوئی۔ ملزمان ارتکاب جرم کے بعد حسب معمول بحفاظت فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ ٹارگٹ کلنگ کا دوسرا واقعہ بھی میرعلی ہی میں پیش آیا جس میں بھی نامعلوم افراد نے قریبی گاؤں خوشحالی سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیے اور ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو ئے۔ میرعلی میں رواں ہفتے ٹارگٹ کلنگ کے چار واقعات پیش آئے ہیں جن میں پانچ افراد کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ علاقے میں ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باعث عام لوگوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے۔
اہم خبریں
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments