میرانشاہ ( دی خیبر ٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) شمالی وزیرستان کے تحصیل میرانشاہ کے ٹوچی پار کے علاقوں بانڈہ، انغر کلے اور دیگر کے باسیوں نے مجوزہ بانڈہ پُل پر کام شروع نہ ہونے کے خلاف ایک مہینے سے بھی کم وقت میں تیسری دفعہ ڈسٹرکٹ پریس میرانشاہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھمکی دی کہ اگر جلد ہی اس پُل پر کام شروع نہ کیا گیا تو نہ صرف پولیو کا بائیکاٹ جاری رکھینگے بلکہ ٹوچی پار تمام سکولوں کو 26 جنوری سے بند کرینگے۔ بانڈہ کے ٹوچی پار علاقوں کے مشران، عمائدین اور عوام پر مشتمل ایک وفد نے ڈسٹرکٹ پریس کلب میرانشاہ میں میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ہم نے کئی بار احتجاج ریکارڈ کروائے، ضلعی انتظامیہ نے متعدد بار ہمیں یقین دہانیا ں کروائیں اور کام جلد شروع ہونے کی نویدیں سنائیں لیکن ابھی تک کام شرو ع ہونے کے اثار نظر نہیں ارہے۔ ملک عثمان خان نے پریس کانفرنس کو بتایا کہ سول ٹھیکیداروں سے کام ایف ڈبلیو او کو دی گئی اور نظر ثانی شدہ لاگت کا تخمینہ بھی منظور کروایا گیا لیکن کام ہنوز جاری نہیں ہوا جبکہ ہمارے بچوں کا نہ صرف تعلیمی حرج ہو رہا ہے بلکہ ہرسال دریائے توچی میں طغیانی کے باعث قیمتی جانیں بھی ضائع ہو رہی ہیں جس کو مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ مظاہرین نے کہا کہ ہم مجبور ہیں اور احتجاجی دھرنا دینے کے علاوہ تمام رابطہ سڑکوں کو بھی بند کرینگے۔
اہم خبریں
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments