وانا ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) جنوبی وزیرستان کےضلعی ہیڈ کوارٹر وانا میں چوری اور ڈاکہ زنی میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نامعلوم افراد نے دن دیہاڑے وانا میں عبداللہ نامی شخص سے گاڑی چوری کرلی، جبکہ ایک دوسرے واقعہ میں وانا بازار کے قریب وچہ خوڑہ میں رہائش پذیر عبدالرحیم پیپالئی وزیر کی گاڑی کو رات کے اندھیرے میں نامعلوم افراد نے آگ لگادی، عبدالرحیم کی شاہ زور پک آپ گاڑی آگ لگنے سے پوری طرح جل گئی ہے۔ عبداللہ اور عبدالرحیم دونوں نے میڈیا کو بتایا ہے، کہ ان کا کسی کے ساتھ کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے،
مقامی لوگوں نے ان واقعات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس امر کوافسوسناک قرار دیا ہے، لوگوں کا کہنا ہے کہ پولیس حکام کو چاہئے کہ وہ پولیس کی موجودگی کے باوجود اس طرح کے واقعات کے تدارک کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے، تاکہ پولیس کا ہے فرض آپ کی خدمت کو صحیح معنوں میں نافذ کیا جاسکے، واضح رہے کہ 27 دسمبر کو وانا تاجر برادری نے امن عامہ کی مخدوش صورتحال کے پیش نظر ہزاروں افراد نے ریلی نکالی تھی، جو کہ امن کی بحالی کا مطالبہ کررہے تھے، اور 5 جنوری کو ڈی پی او ساؤتھ نے تاجر برادری کو امن وامان برقرار رکھنے کی یقین دہانی کرائی تھی جس کے بعد ایسے واقعات رونما ہوئے ہیں۔
Load/Hide Comments