شمالی وزیرستان کے دو مختلف واقعات میں 2 ٹارگٹ کلنگ

میرانشاہ (دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک) شمالی وزیرستان میں نامعلوم نقاب پوشوں نے تحصیل دتہ خیل میں ایک شخص کو زبح کردیا جبکہ تحصیل سپین وام میں ٹارگٹ کلنگ کے مبینہ واقعہ میں بھی ایک شخص جاں بحق ہو گیا ہے۔ مقامی سرکاری ذرائع کے مطابق تحصیل دتہ خیل کے علاقے برمند میں نامعلوم نقاب پوشوں نے وہاں کے مقامی مسجد میں گھس کر پہلے تمام نمازیوں کو بندوق کی نوک پر یر غمال بنا لیا جس کے بعد عید مر خان ولد گلا خان نامی شخص کو مسجد سے نکال کر زبح کردیا جبکہ ملزمان ارتکاب جرم کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔دریں اثناء تحصیل سپین وام کے علاقے چھوٹا دتہ خیل میں بھی نامعلوم افرا د نے ایک شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔پولیس ذرائع کے مطابق چھوٹا دتہ خیل کے علاقے میں عمر دراز ولد گل بیان کو مسلح نقاب پوشوں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا اور ملزمان موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔بعد میں مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میرعلی منتقل کردیا گیا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا گیا۔شمالی وزیرستان میں سال 2018کے بعد سے اب تک 450سے زائد افراد کو ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے قتل کردیا گیا ہے جبکہ رواں سال بھی ٹارگٹ کلنگ کے پچاس سے زائد واقعات رونماہو چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں