سوات میں سیاحوں کو گن پوائنٹ پر لوٹنے کے پے درپے واقعات پر ایم پی اے عنایت اللہ خان نے توجہ دلاونوٹس اسمبلی سکرٹریٹ میں جمع کرادیا

پشاور ( دی خیبرٹائمز پولیٹیکل ڈیسک ) سابق سینئر صوبائی وزیر اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر عنایت اللہ خان نے صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائے گئے توجہ دلاونوٹس میں موقف اپنایا ہے، کہ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران کالام، مدین اور سوات کے دیگر سیاحتی مقامات جانے والے سیاحوں کو دن دہاڑے گن پوائنٹ پر لوٹنے کے افسوس ناک واقعات سے عوام بالخصوص ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے سیاحوں میں شدید تشویش کی لہر پیدا ہوئی ہے، توجہ دلاو نوٹس کے متن میں مذید کہا گیا ہے، کہ گزشتہ روز سوات کے علاقہ قندیل میں سیاحوں کی کوسٹر اور بریکوٹ میں سیاحوں کی پراڈو گاڑی کو گن پوائنٹ پر روک کر سوات آنے والے سیاحوں کو لاکھوں روپے نقدی، زیورات اور موبائیل فونز سمیت دیگر قیمتی اشیاء سے محروم کیا گیا جبکہ ایک ہفتہ قبل بھی اسی نوعیت کے ایک واقعہ میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کو گن پوائنٹ پر لوٹا گیا تھا۔ ضلع سوات سیاحت کے حوالے سے ملک گیر شہرت رکھتا ہے اور ہرسال لاکھوں کی تعدادمیں سیاح یہاں کا رخ کرتے ہیں جس سے صوبے میں سیاحت کے فروع میں مدد ملتی ہے بلکہ اس سے حاصل ہونے والی آمدن سے صوبے کے وسائل میں اضافہ ہوتا ہے۔ ضلع سوات کے پرامن ماحول میں اس قسم کے افسوناک واقعات سے جہاں صوبے کی بدنامی ہوتی ہے وہاں سیاحت کے شعبے کو بھی شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ یہ ایک انتہائی اہم اور حساس مسلہ ہے جو کہ مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ صوبہ اور ملک بھر کے لاکھوں افراد میں تشویش اور اضطراب کا باعث بنا ہوا ہے لہذا حکومت اس انتہائی اہم مسلے کا فوری نوٹس لیں اور ان واقعات سے متعلق اصل حقائق سے ایوان کو آگاہ کرتے ہوئے سوات میں سیاحوں کو سیکورٹی فراہم کرنے کے لئے فوری اقدامات اٹھائیں جائے تاکہ عوام میں پائی جانی والی تشویش کا سدباب ممکن ہوسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں