شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ، دو قبائلی رہنما قتل

میرانشاہ (دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) شمالی وزیرستان کے ہیڈ کوارٹر میرانشاہ میں ٹارگٹ کلنگ کا ایک اور اندوہناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں نامعلوم مسلح حملہ اوروں نے دو قبائلی مشران کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا ہے۔ پولیس ذرائع نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بدھ کو سہ پہر کے وقت ملک صاحب الرحمن داوڑ ساکن ہمزونی اور ان کا ساتھی ملک خیر اللہ خان وزیر میرانشاہ بازار سے موٹر سائیکل پر اپنے گاؤں جارہے تھے کہ راستے میں دتہ خیل روڈ پرسرگردان چوک کے قریب فیلڈر گاڑی میں پہلے سے تاک میں بیٹھے ہوئے مسلح افراد نے ان پر فائرنگ شروع کی جس سے دونوں قبائلی رہنماء موقع پر جاں بحق ہوئے۔ملزمان وزردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے دونوں کی لاشوں کو میرانشاہ ہسپتال منتقل کردیا اور پوسٹ مارٹم کے بعد لاشوں کو ورثاء کے حوالے کردیا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ صاحب الرحمن پر پہلے بھی اسی قسم کے حملے ہوئے تھے۔ شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ائے روز ہونے والے اضافے سے علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوچکا ہے اور حیرت انگیز طور پر ابھی تک کسی ٹارگٹ کلنگ کے ملزم کو پکڑا نہیں جا سکا ہے۔دریں اثناء ڈسٹرکٹ پولیس افیسر شمالی وزیرستان شفیع اللہ گنڈا پور نے بتایا ہے کہ پولیس باریک بینی سے واردات کا جائزہ لے رہی ہے اور ملزمان کو ہر صورت میں قانون کے شکنجے میں لانے کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں