میرانشاہ ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) شمالی وزیرستان کے مختلف حصوں میں آوارہ اور پاگل کتوں نے گذشتہ ایک ہفتے کے دوران پچاس سے زائد افراد کو کاٹا ہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میرانشاہ کے اندرونی ذرائع نے بتایا ہے کہ یکم جون سے دس جون تک علاقے میں مختلف مقامات سے 52افراد کو یہاں کتوں کے کاٹنے کے ویکسین کیلئے لایا گیا ہے۔ذرائع نے میڈیا کے نمائندوں کو لسٹ دکھاتے ہوئے کہا کہ ان میں بویہ، میرانشاہ کلے، دیگان، سیدگی، تپی، لانڈ سید اباد اور ماچس کے علاقوں سے خواتین اور بچوں کو ویکسینیشن دی گئی ہے تاہم ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ میرانشاہ ہسپتال میں باؤلے کتوں کے کاٹے کی ویکسین ختم ہو نے کو ہیں اور اگر مزید ایسے کیسز لائے گئے تو ہسپتال میں مریضوں کیلئے ویکسین ناپید ہو گی اس لئے عوامی حلقوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ میرانشاہ ہسپتال کو باؤلے کتوں کے کاٹنے کی ویکسین ہنگامی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں کیونکہ علاقے میں اوارہ کتوں کی بہتات ہے اور ان کو ٹھکانے لگانے کا کوئی سرکاری انتظام نہیں۔
