کرونا میں مبتلا شمالی وزیرستان کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سعیدگل زندگی کی بازی ہار گیا

میران شاہ ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) قبائلی ضلع باجوڑ سے تعلق رکھنے والے شمالی وزیرستان کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسراور ماہر تعلیم سعید گل کرونا سے طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ وہ تقریبا ڈیرھ ما ہ سے پشاور کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ شمالی وزیرستان میں ایک سال سے بطور ایجو کیشن افیسر خدمات انجام دینے والے ماہر تعلیم سعید گل کی موت کی خبر شمالی وزیرستان کے تعلیم یافتہ حلقوں میں جنگل کے اگ کی طرح پھیل گئی اور سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ کے طور پر چھائی رہی۔ مرحوم سعید گل کے بارے میں عام خیال یہ تھا کہ وہ ایک یماندار اور دیانتدار افیسر تھے جنھوں نے شمالی وزیرستان میں نہ صرف گھوسٹ سکولوں اور اساتذہ کو فعال کرایا بلکہ تعیناتیوں میں پہلے سے چلنے والے ایک ایک پوسٹ پر دس دس لاکھ روپے لینے کے ٹرینڈ کو بھی ختم کیا جس کی وجہ سے عوامی حلقوں میں مرحوم سعید گل کو احترام کی نظر سے دیکھا جارہا تھا۔ انہوں نے غیر حاضر اساتذ ہ سے کٹوتیاں کرکے اکثر تعلیمی اداروں کو فعال بنا دیا تھا جو کئی کئی سالوں سے بھوت بنگلے اور ذاتی حجروں میں تبدیل ہو چکے تھے۔ شمالی وزیرستان کے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی تنظیموں اور افراد کے علاوہ تنظیم اساتذہ کے ترجمان عبدا لرازاق نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ مرحوم سعید گل ایک فرض شناس افیسر تھے اور یہ شمالی وزیرستان کی بدقسمتی تھی کہ بہت کم عرصے میں ایک اچھے افیسر سے محروم ہو گیا۔ دوسری طرف ڈسٹرکٹ پریس کلب میرانشاہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں مرحوم سعید گل کی ایمانداری اور فرض شناسی کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ ان کو ان کے بائی قبرستان باجوڑ میں بدھ کے روز سپرد خاک کردیا گیا اور نماز جنازہ میں شمالی وزیرستان سے بھی ایک کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں