شمالی وزیرستان میں قتل کی جانیوالی خواتین کے لئے مالی امداد

بنوں ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) صوبائی حکومت کی طرف سے کمشنر بنوں ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے پچھلے دنوں شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والی چار خواتین کے ورثاء کو مالی امداد کی مد میں فی کس پانچ لاکھ روپے کے چیکس ادا کیے۔ ڈویژنل کمشنر بنوں شوکت علی یوسفزئی نے کہا کہ خواتین کو اس طرح ظلم و جبر سے قتل کرنا کسی بھی مہذب معاشرے کو زیب نہیں دیتا۔ انہوں نے شہید خواتین کیلئے دعائے مغفرت بھی کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان شاہد علی خان، ڈپٹی کمشنر بنوں کیپٹن (ر) محمد زبیر خان نیازی، ڈپٹی کمشنر لکی مروت، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شمالی وزیرستان شفیع اللہ خان گنڈاپور اور اسسٹنٹ کمشنر میران شاہ عدنان ابرار موجود تھے۔ متوفی ارشادہ بی بی اور عائشہ بی بی کے والد فقیرزاد اور جویریہ بی بی کے والد محمد فاروق زمان اور ناہید بی بی کے بھائی امجد زمان نے چیک وصول کئے۔ کمشنر بنوں ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ خواتین پر اس طرح وار کرنا پشتون روایات کے خلاف ہے۔ جس کی وجہ سے پورا بنوں ڈویژن سوگوار ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان شاہد علی خان نے کہا کہ وہ تمام قانونی تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے سوگواران کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شمالی وزیرستان نے بھی کہا کہ مجرموں کو انجام تک پہنچانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں