میرانشاہ (احسان داوڑ) خیبر پختونخواہ اور ملکی سیاست میں عنقریب ایک نئی سیاسی پارٹی کے قیام کیلئے قوم پرست رہنماؤں نے چپکے سے کام شروع کر دیا ہے جس میں پشتونوں کی نمائندگی کرنے والے کچھ اہم سیاسی رہنماء بھی ٹاپ کی لیڈرشپ میں شامل ہو نگے۔ پارٹی کی بنیادوں پر کام کرنے والے ایک سینئر سیاستدان اور پارلیمینٹیرین نے نام کو صیغۂ راز میں رکھنے کی اپیل پربتایا کہ پروگریسو سوچ کی حامل ایک نئی سیاسی پارٹی کے قیام پر بیشتر کام ہو چکا ہے , جس میں خیبر پختونخواہ، قبائلی اضلاع، بلوچستان، سند ھ اور پنجاب خصوصاً سرائیکی بیلٹ کے پروگریسو سوچ رکھنے والے رہنماء شامل ہو نگے۔ ذرائع کے مطابق 21 فروری کو پشاور کے یونیورسٹی ٹاؤن میں نئی اُبھرنے والی سیاسی پارٹی کے بانی اراکین کا اہم اجلاس بھی منعقد ہوا ہے جس میں افراسیاب خٹک، بشرہ گوہر، لطیف افریدی، محسن داوڑ، بشیر مٹہ اور عطاء اللہ سمیت متعدد اہم سیاسی قوم پرستوں نے شرکت کی ہے اور پارٹی کے خدوخال اور موجودہ سیاسی فضاء پر سیر حاصل بحث کی گئی ہے۔ ذرائع نے تصدیق کی کہ پارٹی کے قیام کیلئے ملک کے دیگر علاقوں سے ہم خیالوں کے ساتھ نہ صرف رابطے کئے گئے ہیں بلکہ پارٹی کی ابتدائی شکل کے حوالے سے بھی ہم اہنگی حاصل کر لی گئی ہے تاہم ابھی تک پارٹی کے منشور پر کام مکمل نہیں ہوا ہے اور پارٹی کا نام بھی فائنل نہیں کر لیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ پارٹی کسی صوبے یا علاقائی سطح کی نہیں بلکہ ملکی سطح کی سیاسی جدو جہد کا اغاز کرے گی جس میں پروگریسو سوچ اور چھوٹی قوموں کے حقوق کیلئے توانا اواز اٹھایا جائے گا۔ 21فروری کو اجلاس میں شریک چند رہنماؤوں نے اجلاس کی تصدیق کی اور کہا کہ جب پارٹی کی بنیادوں پر کام مکمل ہو جائے گا تو اس کے بارے میں قومی اور بین الااقوامی میڈیا پر اعلان کیا جائے گا۔ مقامی تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ مذکورہ پارٹی کی بنیادی نکات میں عدم تشدد، چھوٹی قوموں کے حقوق اور ملک میں قانون و ائین کی بالادستی کیلئے جدو جہد بنیادی حیثیت رکھے گے۔
اہم خبریں
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments