قبائلی ضلع کرم ضمنی انتخابات حلقہ این اے 45 سےپی پی پی کاامیدوار جے یو آئی کے حق میں الیکشن سےدستبردار

پاراچنار ( دی خیبر ٹائمز ڈسٹکٹ ڈیسک ) آزاد امیدوار بابائے کرم اتحاد و اتفاق کے عملی مظاہرے کیلئے ارتغرل غازی سیریل کے کاہی قبیلہ کے جھنڈے تلے انتخابی مہم چلا رہے ہیں ۔
قبائلی ضلع کرم کے حلقہ این اے 45 کرم ون میں پی ڈی ایم کے رہنماؤں ایم این اے ساجد طوری اور جمیل حسین طوری کی کوششوں سے پی پی پی کے امیدوار رفیع اللہ چمکنی جے یو آئی ف کے امیدوار ملک جمیل خان کے حق میں دستبردار ہو گئے۔ اس موقع پر پی پی پی کے امیدوار رفیع اللہ چمکنی کا کہنا تھا کہ پارٹی اور پی ڈی ایم کا فیصلہ اسے اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے اس لئے وہ دستبرداری کے ساتھ ساتھ جے یو آئی ف کے امیدوار کیلئے انتخابی مہم بھی چلائینگے۔
پی پی پی کے رکن قومی اسمبلی ساجد حسین طوری اور جمیل حسین طوری کا کہنا تھا کہ اب ضلع کرم میں بھی پی ڈی ایم کا جیت یقینی ہو گئی ہے ۔جمیعت علماء اسلام کے رہنماؤں مولانا روح اللہ اور مولانا محمد انور کا کہنا تھا کہ ضلع کرم میں پی ڈی ایم کی مشترکہ جدوجہد اب تبدیلی حکومت کی شکست یقینی ہے ۔ ضلع کرم میں اب تین امیدواروں میں کانٹےدار مقابلہ ہوگا جن میں بابائے کرم کے نام سے مشہور حاجی سید جمال اورکزئی ،پی ٹی آئی کے امیدوار ملک فخر زمان اور جے یو آئی ف کے امیدوار ملک جمیل خان شامل ہیں ۔
سب سے دلچسپ انتخابی مہم بابائے کرم حاجی سید جمال نے چلائی جوکہ ترکی کے مشہور ڈرامہ سیریل ارتغرل غازی کے کردار سے متاثر ہو کر کاہی قبیلے کا جھنڈا اپنے انتخابی مہم میں استعمال کر رہے ہیں حاجی سید جمال اور سماجی رہنما ڈاکٹر عبدالقادر کا کہنا ہے کہ حلقے میں اتفاق واتحاد اور امن و بھائی چارے کا پیغام پھیلانے کیلئے وہ کاہی قبیلے کا جھنڈا اٹھا کر انتخابی مہم چلا رہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ مخالفین پرانے ویڈیو سمیت مختلف طریقوں سے انہیں شکست دینے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ۔
حلقہ این اے 45 کرم میں جے یو آئی کے سابق ایم این اے مرحوم منیر اورکزئی کے انتقال کے باعث یہ حلقہ خالی ہو گیا تھا اور 19 فروری کو اس حلقے میں ضمنی انتخابات ہو رہا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں