وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے اقلیتی آمور وزیر زادہ کا دوسری دفعہ کرک ٹیری سمادھی مندر کا دورہ

پشاور ( دی خیبرٹائمز پولیٹیکل ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء شنیلہ روت اور جے پرکاش بھی ہمراہ تھے، ہندوستان کو اقلیتوں کے تحفظ کے سلسلے میں پاکستان سے سبق حاصل کرنا چاہیے، وزیر زادہ

وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے اقلیتی آمور وزیر زادہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے احکامات کی روشنی میں ٹیری سمادھی مندر کی تعمیر نو کے لئے جلد از جلد پی سی-ون بنائی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں بنائی گئی کمیٹی نے تعمیر نو کی منظوری بھی دے دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرک ٹیری میں مسمار مندر کے دورے کے موقع پر کیا ہے۔ دورے کے دوران معاون خصوصی کے ہمراہ ایم پی اے روی کمار، ایم پی اے ویلسن وزیر، مرکزی پاکستان تحریک انصاف سنٹر ونگ کے صدر، ایم این اے، پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما ایم این اے شنیلہ روت پارلیمانی سیکرٹری مذہبی امور جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی مینارٹی ونگ ایم این اے جے پرکاش، مینارٹی ونگ کے نائب صدر گردیب سنگھ ودیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر معاون خصوصی نے سمادھی مندر کی تعمیر نو کے حوالے سے صوبائی حکومت کے بروقت اقدامات پر مرکزی رہنماؤں کو تفصیلی بریفننگ دی ہے، اور انتظامیہ کی تعاون اور اقدامات پر بھی مرکزی رہنماؤں کو آگاہ کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پولیس انتظامیہ نے بھر پور فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام مرکزی ملزمان کو گرفتار کیا ہے اور ان کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مندر کی تعمیر نو کے لئے پی سی ون بنائی جا رہی ہے جس کو جلد از جلد عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی طرف سے بنائی گئی کمیٹی نے بھی مندر کی تعمیر نو کی منظوری دی ہے، جبکہ کمیٹی میں ہندو کمیونٹی سے بھی نمائندے شامل کئے جائینگے۔ دورے کے موقع پر مرکزی رہنماؤں نے مندر کی تعمیر نو اور اقلیتوں کی ترقی اور خوشحالی کے لئے صوبائی حکومت کی طرف سے اور خصوصاً وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی طرف سے کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا ہے۔ اپنے خطاب میں وزیر زادہ نے کہا کہ ہندوستان کو بھی پاکستان سے سبق سیکھنا چاہیے اور ہندوستان میں بھی اقلیتیوں کی عبادت گاہوں کی حفاظت اور ان کے جان و مال کی حفاظت یقینی بنانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں آئے روز مسجدوں کی پامالی اور بے حرمتی کی جاتی ہے، ہندوستان کو بھی پاکستان کی طرح اپنے اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی اور تحفظ فراہم کرنا چاہیے اور اسی طرح ملزمان کی گرفتاری یقینی بنانی چاہیے۔ ایم پی روی کمار نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے بھروقت اقدامات اور مندر کی تعمیر نو کے فیصلے سے اقلیتی کمیونٹی اور خصوصاً ہندو کمیونٹی کا اعتماد بحال ہوا ہے، اور ان اقدامات سے یہ پیغام گیا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا اپنی اقلیتوں کو ہر قسم ریلیف اور تحفظ فراہم کر رہی ہے اور یہاں پر مکمل قانون کی بالادستی قائم ہے، انہوں نے بھی مندر کی تعمیر نو اور اقلیتوں کی بھرپور داد رسی پر وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان اور صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ بعد ازاں وزیر زادہ نے وہاں پر مسلم کمیونٹی کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں