پشاور( دی خیبرٹائمز جنرل رپورٹنگ ڈیسک ) صوبائی وزیر ریلیف ، بحالی و آباد کاری محمد اقبال وزیر نے کہا ہےکہ حکومت ضم شدہ اضلاعٓ کے عوام کو بنیادی ضروریات کی فوری اور آسان فراہمی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس سلسلے میں وزیر اعلی خیبر پختونخواہ محمود خان نے کابینہ کے تمام اراکین کو ہدایات جاری کئے ہیں ۔ یہ باتیں انہوں نے شمالی وزیرستان کے ہیڈ کوارٹر میرانشاہ میں عوامی خدمات مرکزکا افتتاح کرتے ہوئے کہی ۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر بتایا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کے عوام ایک عرصے سے سخت حالات سے دوچار ہیں اس لئے موجودہ حکومت نے ضم اضلاع کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے تاکہ اس پسماندہ خطے کے عوام کو ملک کے دیگر علاقوں کے برابر لایا جا سکے اور جدید دور کے تمام تر سہولیات سے استفادہ کر سکے ۔ میرانشاہ میں عوامی خدمات مرکز کے بارے میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عوامی خدمات مراکز پورے قبائلی خطے میں بنائے گئے ہیں جس کا مقصد ایک چھت کے نیچے تمام بنیادی ضروریات کی اسانی سے فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد میرعلی میں بھی ایسی ہی عوامی خدمت کا مرکز کھول دیا جائے گا جس پر کام تیزی سے جاری ہے ۔ اقبال وزیر نے مزید بتایا کہ یہ مراکز عوام کو ایک ہی چھت کے نیچے شناختی کارڈز، ڈومیسائل ،پیدائش کا سرٹیفیکیٹ، ڈرائیونگ لائسنس، صدائے امن کارڈ، بینک کی سہولت اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ خیبر، اورکزئی ، کُرم ، جنوبی وزیرستان اور دیگر ضم شدہ اضلاع میں متعدد مقامات پر عوامی خدمات کے مراکز نے پہلے ہی کام شروع کردیا ہے ۔ اس سے پہلے صوبائی وزیر کو نادرا حکام نے عوامی خدمات کے مراکز پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان شاہد علی خان ، ڈسٹرکٹ پولیس افیسر شمالی وزیرستان شفیع اللہ گنڈہ پور ، نادرا کے اہلکار اور پی ڈی ایم اے کے شمالی وزیرستان کیلئے کوارڈینیٹر شاہ دراز وزیر بھی موجود تھے ۔
اہم خبریں
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments