پی ڈی ایم اے ملازمین کا احتجاج شدت اختیار کر گیا، 14 اپریل سے قلم چھوڑ ہڑتال کا اعلان
سروس سٹرکچر، مستقلی، اور تنخواہوں میں بہتری کے مطالبات پر تاحال عملدرآمد نہ ہو سکا
پشاور (دی خیبر ٹائمز رپورٹنگ ڈیسک) خیبرپختونخوا کے اہم ادارے پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ملازمین نے اپنے دیرینہ مطالبات کی عدم منظوری پر احتجاج کو مزید سخت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے ملازمین کا پرامن احتجاج 8 اپریل 2025 سے جاری ہے، تاہم اب انہوں نے 14 اپریل سے مکمل قلم چھوڑ ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے۔
احتجاجی ملازمین کا کہنا ہے کہ ان کے بنیادی مطالبات میں سروس سٹرکچر کا قیام، مستقل بھرتیاں، تنخواہوں میں بہتری، اور دیگر مراعات شامل ہیں جن پر کئی سالوں سے کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ مطالبات ادارے کے تسلسل اور ملازمین کی پیشہ ورانہ وابستگی کے لیے نہایت ضروری ہیں۔
ملازمین کی جانب سے جاری احتجاجی کیمپ میں روزانہ کی بنیاد پر ملازمین کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جو ان کے اتحاد، عزم اور مطالبات کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ ان کا احتجاج مکمل پرامن ہے، لیکن اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ہڑتال کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔
ادارے کی کارکردگی متاثر ہونے کا خدشہ
پی ڈی ایم اے ملازمین نے خبردار کیا ہے کہ قلم چھوڑ ہڑتال کے باعث اگر کوئی قدرتی آفت یا ہنگامی صورتحال پیش آتی ہے تو ادارہ بروقت ردعمل دینے سے قاصر ہو سکتا ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ عوامی فلاح و بہبود میں رکاوٹ نہیں چاہتے، لیکن اپنے جائز حقوق کے لیے خاموشی بھی اختیار نہیں کی جا سکتی۔
حکومت سے مطالبہ: مسائل کا فوری حل نکالا جائے
ملازمین نے حکومت خیبرپختونخوا اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے جائز مطالبات کو فوری طور پر تسلیم کیا جائے اور عملی اقدامات کے ذریعے اس مسئلے کا پائیدار حل نکالا جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی تاکہ پی ڈی ایم اے اپنی اہم ذمہ داریاں بغیر کسی رکاوٹ کے ادا کرتا رہے