پی ڈی ایم اے کا الرٹ: خیبر پختونخوا میں دریائے کابل اور دیگر دریاؤں میں 18 تا 20 اپریل شدید سیلاب کا خدشہ

پشاور: پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں 18 سے 20 اپریل کے دوران شدید بارشوں اور موسمی سرگرمیوں کے باعث دریائے کابل سمیت منسلک دریاؤں میں فلش فلڈ (سیلابی ریلوں) کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سلسلہ آج رات خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہا ہے، جس سے شدید بارشیں متوقع ہیں۔ ان موسمی حالات کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے اور تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو ہنگامی تیاریوں کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق، تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حساس مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے فوری طور پر احتیاطی اقدامات یقینی بنائیں۔ نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد، کسان اور مال مویشی رکھنے والے افراد کو الرٹ رہنے اور محفوظ مقامات کی جانب منتقلی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کو بھی مکمل طور پر الرٹ رہنے، مشینری اور آلات کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال سے متاثرہ افراد کو بروقت امداد، خوراک، پناہ اور طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

ادارے کی جانب سے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹا کر ایمرجنسی آلات کی قبل از وقت تنصیب مکمل کریں۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر 24 گھنٹے فعال ہے اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا ناخوشگوار واقعے کی فوری اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں