سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، مشیر خزانہ خیبرپختونخوا
پشاور (دی خیبرٹائمز نیوز ڈیسک )مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ سونے کی قیمت ملک میں نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں سابق وزیراعظم نواز شریف جب اقتدار میں آئے تو وہ اپنے دور اور عمران خان کے دورِ حکومت میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا موازنہ کرتے تھے، مگر اب صورتحال مختلف ہے۔
مزمل اسلم نے کہا کہ “آج کل چھوٹے میاں، یعنی شہباز شریف، اپنے دورِ حکومت 2024 کا موازنہ موجودہ قیمتوں سے کرتے ہیں۔ تاہم بڑے میاں کی سونے کی قیمت والی بات خاصی بچکانہ تھی۔ وہ کہا کرتے تھے کہ آج سونے کی قیمت دیکھیں اور ہمارے دور کا دیکھیں۔”
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا، “چلیں پھر موجودہ سونے کی قیمت کو بھی نوٹ کر لیں۔”
مزمل اسلم کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت 1800 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 40 ہزار 600 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، جب کہ 10 گرام سونا 1543 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 92 ہزار 9 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جہاں فی اونس قیمت 18 ڈالر بڑھ کر 3236 ڈالر کی نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔
مشیر خزانہ نے اس موقع پر حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صرف موازنوں سے حقائق نہیں بدلتے، عوام حقیقی معاشی بوجھ کو روزانہ کی بنیاد پر محسوس کر رہے ہیں۔