پشاور پریس کلب کے میگا سپورٹس ایونٹ آر ایم آئی کرکٹ میڈیا لیگ کا آغاز

خیبرپختونخوا کے نگران وزیر خوراک, زراعت، ماحولیات و لائیو سٹاک آصف رفیق نے کہا ہے کہ صحافی ہمارے معاشرے کا اہم طبقہ ہیں جن کی صحت و تندرستی کے لئے کھیلوں کا انعقاد خوش آئند امر ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کے روز کرنل شیر خان سٹیڈیم میں منعقدہ میڈیا کرکٹ لیگ کے افتتاحی میچ کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ آر ایم آئی کے تعاون سے پشاور پریس کلب کے زیراہتمام منعقدہ اس سپورٹس ایونٹ میں اڑھائی سو زائد کارکن صحافیوں پر مشتمل 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ اس سے قبل سٹیڈیم پہنچنے پر پشاور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک نے صوبائی وزیر کا خیرمقدم کیا اس موقع پر پریس کلب کے جنرل سیکرٹری عرفان موسی زئی، جائنٹ سیکرٹری طیب عثمان، سیکرٹری فنانس عماد وحید اور سپورٹس کمیٹی کے چیئرمین ظفر اقبال بھی ان کے ہمراہ تھے۔
آج کے افتتاحی میچ میں پی پی سی کوبرا کا مقابلہ پی پی سی فالکنز سے تھا جس میں پی پی سی کوبرا نے 84 رنز کا ہدف بآسانی پورا کرکے یہ میچ جیت لیا، پی پی سی کوبرا کے کامران گل ٹورنامنٹ کی پہلی نصف سینچری بنا کر میچ آف دی میچ قرار پائے۔ جنہیں مہمان خصوصی نے گولڈ میڈل پہنایا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر آصف رفیق نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں ترقی، آگاہی اور اصلاح کے لئے صحافت کا شعبہ بنیادی اہمیت کا حامل ہے اور ہمارے صحافی بھائیوں کا کام بہت تناو اور دباو کا متقاضی ہے، یہاں کرکٹ گراؤنڈ آکر انہیں یہ خوشی ہوئی کہ خبروں کے پیچھے بھاگنے والے ہمارے صحافی بھائی پچ پر اور گیند کے پیچھے بھاگ رہے ہیں۔ کارکن صحافیوں کے لئے کرکٹ کے اس میگا ایونٹ پر پشاور پریس کلب اور اس کی قیادت مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے پشاور پریس کلب کے لئے عطیہ دینے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر پشاور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک نے صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں کلب کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں